ایشیا کپ ،پاکستان اور بھارت کے میچ میں شاداب خان میدان سے باہر لوٹ گئے ،کھلاڑی کے مداحوں کے لیے افسوسناک خبر آگئی
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا بڑا ٹاکرا جاری ہے جس میں بھارتی آل راونڈر ہردیک پانڈیا کے زخمی ہو نے کے بعد پاکستانی کھلاڑی بھی انجری کا شکار ہو کر گراونڈ سے باہر چلے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا سب سے بڑا ہائی وولٹیج میچ بھارت بمقابلہ پاکستان جاری ہے جس میں بھارتی آل راونڈر ہردیک پانڈیا کے بعد پاکستانی سپنر شاداب خان بھی کمر کی تکلیف کے باعث گراونڈ سے باہر چلے گئے ،شاداب خان دوسرے اوور کی چوتھی گیند کروانے لگے تو ان کو کمر میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد وہ گراونڈ سے باہر چلے گئے ان کی جگہ فخر زمان نے اوور مکمل کیا ،ابھی تک ان کی انجری کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا کہ انجری کی نوعیت کیا ہے ،شاداب خان کی جگہ محمد نواز فیلڈنگ کے لئے گراونڈ میں موجود ہے۔
یاد رہے اس سے قبل آل راونڈر ہردیک پانڈیا بھی انجری کے سبب گراونڈ سے باہر چلے گئے ،اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیاکہ ہردیک پانڈیا کی کمر کے نچلے حصے میں انجری ہوئی ہے،وہ اس وقت کھڑے ہونے کے قابل ہیں اور طبی عملہ اپنے کام میں مصروف ہے۔