شدید گرمی نے فصلوں کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا، ایک کسان کی شیئر کی گئی تصاویر دیکھ کر آپ کو بھی افسوس ہوگا
کوٹ سادات (ڈیلی پاکستان آن لائن) رواں سال گرمی کی شدت نے جہاں انسانوں اور جانوروں کو متاثر کیا ہے وہیں فصلوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔
ضلع وہاڑی کے نواحی علاقے کوٹ سادات سے تعلق رکھنے والے کسان چوہدری طارق جٹ نے فیس بک پر اپنی مکئی کی فصل کی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گرمی کے باعث فصل کی بڑھوتری ہی نہیں ہوپائی اور بھٹے نامکمل رہ گئے ہیں۔
ایک اور مقامی کسان سید طارق شاہ نے بتایا کہ حالیہ برس پڑنے والی گرمی کے باعث مکئی کی فصل کو سخت نقصان ہوا ہے جس کے باعث کسانوں کے لاکھوں روپے ڈوب گئے اور ان کے گھروں میں فاقوں کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
مقامی زرعی ماہر آصف حسین کا کہنا ہے کہ گرمی کے باعث مکئی کی فصل کی پیداوار متاثر ہوئی ہے جس سے ملک میں خوردنی تیل سمیت دیگر اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے متاثرہ کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اگلی بار فصل کاشت کرنے سے پہلے زرعی ماہرین سے اپنی زمین کا تجزیہ کرائیں اور موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فصل کاشت کریں تاکہ نقصان کے خدشے سے بچا جاسکے۔