وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ

وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ
وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ، جہاں سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوں گی،وزیراعظم عمران خان عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دورے کے موقع پر وزیراعظم سعودی قیادت سے مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورت حال پر گفتگو کریں گے۔وزیراعظم بھارت کی جانب سے 5 اگست کے غیرآئینی اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے، وزیراعظم مسئلہ کشمیر پر سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے بعد دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان ریاض حکومت کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کریں گے۔

وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال ہوگا، دونوں ممالک کے تعلقات میں گرم جوشی اور باہمی اعتماد کی فضا ہے۔وزیر اعظم کے دورہ سے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔وزیراعظم سعودی عرب سے ہی یو این اجلاس میں شرکت کےلئے امریکا روانہ ہوں گے، جہاں وہ مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں گے اور بھارتی جارحیت دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا دورہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انتہائی اہم ہوگا۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد /اہم خبریں


loading...