سندھ حکومت کو شہر قائد پر ’ترس‘ آگیا، کلین کراچی مہم کب سے شروع ہورہی ہے؟ اعلان کردیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ نے کہاہے کہ کراچی کی صفائی کے لئے گاڑیاں کرایہ پر لی جارہی ہے ، صفائی مہم 21ستمبر سے شروع ہوجائے گی ، کلین کراچی مہم مستقل طور پر ہوگی ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کی صفائی کے لئے گاڑیاں کرایہ پر لی جارہی ہے ، صفائی مہم 21ستمبر سے شروع ہوجائے گی ۔ کلین کراچی مہم مستقل طور پر ہوگی ، اس کے لئے سب کو آن بورڈ لیا جارہاہے اور مل کر یہ کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل مختلف ادارے اپنی سطح پر کام کررہے تھے جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے لیکن اب مل کر کام کیا جائے گا ، گلیوں اور محلوں سے صفائی بھی ہوگی اور کوڑا کرکٹ بھی ایسی جگہوں پر رکھاجائے گا جہاں سے نظر نہ آسکے ۔
ان کا کہناتھا کہ کراچی کی صفائی کیلئے ہم دوسری ڈیڈلائن کی طرف نہیں جائیں گے ، میڈیا والے سب کوکچرا دکھاتے ہیں لیکن میڈیا کوجہاں سے کچرا صاف ہو، وہ جگہ بھی دکھانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ علی زیدی نے نیک نیتی سے یہ کام شروع کیا تھا ۔