وزیر اعظم امریکہ جانے سے قبل سعودی عرب کس لئے گئے ؟ فردوس عاشق اعوان نے بتادیا

وزیر اعظم امریکہ جانے سے قبل سعودی عرب کس لئے گئے ؟ فردوس عاشق اعوان نے ...
وزیر اعظم امریکہ جانے سے قبل سعودی عرب کس لئے گئے ؟ فردوس عاشق اعوان نے بتادیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان امریکہ جانے سے قبل روضہ روسول ﷺ پر حاضری دیناچاہتے تھے ، چین ہمارا سٹریٹیجک پارٹنر ہے ، ایران سعودی عرب میں معاملات حل ہوسکتے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سعودی عرب عالم اسلام کامحور و مرکز ہے جہاں سے اسلام شروع ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کا سفیر بننے کا فیصلہ کیاہے ۔ وزیر اعظم نے امریکہ جانے سے قبل سعودی عرب کا دورہ اس لئے ضروری سمجھا کہ جب بھی وہ کسی مشکل کام پر نکلتے تو وہ روضہ رسول ﷺ پرحاضری دیتے ہیں اور اللہ کے گھر میں دعا کرتے ہیں۔وزیر اعظم نیک کام کرکے آگے بڑھنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اٹھائیں گے اور وہ اس نیک کام کا آغاز سعودی عرب سے کرناچاہتے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہورہاہے ،مسئلہ کشمیر سعودی شہزادے کی نظروں سے اوجھل نہیں ہوسکتا ۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے ،دوست بدلتے ہیں ، ہمسائے نہیں بدلتے ، ایران نے بڑاواضح موقف اختیار کیاہے ، اس وقت اگر کوئی ملک فرنٹ پر آکر کھڑا ہواہے ، وہ ایرا ن اورترکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتاہے کہ علاقائی تنازع کا نتیجہ خطے کی بدحالی کی صورت میں نکلے گا ، اس لئے پاکستان نے کہاہے کہ ایران اور سعودی عرب میں جو بھی غلط فہمیاں ہے ، ان سے نکلنے کیلئے لائحہ طے کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میں میڈیا کے کردار کومزید فعال اورموثر بناناچاہتے ہیں ۔

مزید :

قومی -