مریم نواز سے حراست میں کون سے غیر متعلقہ سوالات پوچھے جارہے ہیں؟ اب تک کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے حراست کے دوران نیب کی جانب سے غیر متعلقہ سوالات پوچھے جارہے ہیں۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے الزام لگایا کہ مریم نواز سے نیب اہلکاروں کی جانب سے ان پر عائد کیے گئے الزامات کے حوالے سے کچھ نہیں پوچھا جارہا بلکہ ان سے سیاسی سوالات کیے جارہے ہیں ۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ نیب اہلکار مریم نواز سے ’ آپ سیاست چھوڑ کیوں نہیں دیتیں، آپ سیاست میں کیوں ہیں؟‘ اس قسم کے سوالات پوچھے جارہے ہیں۔
محمد زبیر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے بھی نیب کی جانب سے کیسز سے متعلق کم اور سیاسی نوعیت کے زیادہ سوالات کیے جارہے ہیں۔