’میں مولانا فضل الرحمان کے ساتھ احتجاج کروں گا لیکن ۔۔۔‘ علی محمد خان نے آفر کرادی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ احتجاج کرنے کو تیار ہیں لیکن انہیں یہ احتجاج کشمیر کیلئے کرنا ہوگا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ سب کو پتا ہے کہ مولانا کیوں نکل رہے ہیں ؟مولانا فضل الرحمان کشمیر کیلئے نہیں بلکہ اسلام آباد کیلئے احتجاج کر رہے ہیں، انہیں کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ کے دوران ملنے والی آسائشیں یاد آرہی ہیں جس کی وجہ سے وہ دھرنا دینے جا رہے ہیں,مولانا کشمیر کا جھنڈا لگا کر گھومتے رہے لیکن کیا کچھ نہیں۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے 15 سال کے دوران کشمیر کمیٹی کیلئے کچھ بھی نہیں کیا لیکن آج انہیں احتجاج یاد آرہا ہے، انہیں پتا ہے کہ مولانا اس لیے نکل رہے ہیں کیونکہ انہیں کشمیر کمیٹی کے کھابے، تنخواہیں اور سرکاری گھر کی سہولتیں نہیں بھول رہیں۔گرفتاریوں سے متعلق سوال پر علی محمد خان نے کہا کہ کوئی مقدس گائے نہیں ہے، اگر گرفتاریاں نہیں کرنی تو پولیس اور نیب سے اختیارات واپس لے لیں۔