’مودی میں ہمت ہے تو یہ کام کرکے دکھائے‘ عثمان بزدار نے بڑا چیلنج دے دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں صدی کا بدترین انسانی المیہ رونما ہونے کا خدشہ ہے لیکن بھارتی حکومت بدستور ہٹ دھرمی کی روش پر گامزن ہے،خوراک، ادویات اور دیگر ضروریات کی کمی سے انسان مر رہے ہیں اور بی جے پی حکومت کی توجہ صرف گاؤ رکشا پر ہے،مودی میں ہمت ہے تو سرینگر میں جلسہ کر کے دکھائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ کشمیر یو ں سے جینے کا حق نہ چھینا جائے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کر کے بے گناہ شہریوں کو رہاکرے اور مواصلاتی پابندیاں فوری طورپر ختم کرے۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دیا جائے،بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیروں کو استصواب رائے کا حق دینے کا پابند ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ نریندرمودی میں ہمت ہے تو مظفر آباد میں وزیراعظم عمران خا ن کے جلسہ عام کی طرح سرینگر میں جلسہ عام کر کے دکھائے،وزیراعظم عمران خان نے مظفر آباد میں جلسہ کر کے پوری دنیا کو پیغام دے دیا کہ پاکستان ہر طرح سے کشمیریوں کے ساتھ ہے او رکسی بھی صورت میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گا۔انہوں نے کہاکہ نریندر مودی نے اپنے ملک میں انتہاء پسندی کے جو بیج بوئے ہیں،بھارت کی آئندہ نسلوں کو اس کا پھل کاٹنا پڑے گا۔