یکم جنوری 2021 تک لاہور پولیس ۔۔۔۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے ایسا دعویٰ کر دیا کہ ہر کوئی دانتوں تلے انگلیاں دبا لے گا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے کہا ہے کہ اشتہاری قبضہ گروپ کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے اصل ٹیم آپریشن ونگ ہے، قبضہ گروپ معاشرتی ناسور ہیں، انہوں نے دعوی کیا کہ یکم جنوری 2021تک لاہور پولیس، نیویارک پولیس بن جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی زیر صدارت قبضہ گروپوں کیخلاف ایکشن کیلئے اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان، ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد سمیت تمام ڈویژنل افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں اگست 2018سے اگست 2020تک کے قبضہ گروپوں کا ریکارڈ پیش کیا گیا جبکہ اشتہاری قبضہ گروپ ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف تجاویز اور طریقہ کار کو زیر بحث لایا گیا۔اجلاس میں اشتہاری قبضہ گروپوں کے ریکارڈ اور مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔سی سی پی او لاہور نے اشتہاری قبضہ گروپ ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام ڈویژنل افسران کو 31اکتوبر تک کی مہلت دیتے ہوئے قبضہ گروپوں کیخلاف روزانہ کی بنیاد پر فالواپ میٹنگ کی بھی ہدایت کردی۔سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ اشتہاری قبضہ گروپ کیخلاف کریک ڈاؤن کیلئے اصل ٹیم آپریشن ونگ ہے، قبضہ گروپ معاشرتی ناسور ہیں، یکم جنوری 2021تک لاہور پولیس، نیویارک پولیس بن جائے گی۔