شکست خوردہ اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، یہ طے ہو چکا ہے کہ ۔۔۔۔ ہمایوں اختر خان بھی بول پڑے
ؒلاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کو سیاسی کسمپرسی کی شکار اورشکست خوردہ اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں،یہ طے ہو چکا ہے کہ پاکستان میں اب ماضی کا کرپشن ماڈل نہیں چلے گا،ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے حکومت،قوم اورتمام اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا ایک ہی واویلا ہے کہ انہیں کسی نہ کسی طرح کرپشن کیسز سے ریلیف مل جائے لیکن دنیا ادھر کی اُدھر تو ہو سکتی ہے تحریک انصاف کی حکومت احتساب کے اصولی نظرئیے اور موقف سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی،یہ طے ہو چکا ہے کہ پاکستان میں اب ماضی کا کرپشن ماڈل نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وژن اور عزم سے جس طرح ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالا ہے عالمی ادارے بھی اس کے معترف ہیں البتہ اپوزیشن نے اپنی آنکھوں پر بغض اور حسد کی پٹی پابند رکھی ہے اور میں نہ مانوں کا بیانیہ پروان چڑھایا جارہا ہے،وزیر اعظم عمران خان اپنی توجہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور معاشی حالات کو بہتر کرنے پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں اور اپوزیشن کی پوری کوشش ہے کہ ان کے عزم اور توجہ میں خلل ڈالا جائے جس کیلئے روز کوئی نہ کوئی تماشہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے اور سیکیورٹی رسک قرار دینے والے آج بغلگیر ہیں لیکن قوم ان کے چہرے نہیں بھولی اور وقت آنے پر ان کا محاسبہ بھی کرے گی۔