گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات نہ ہوئے تو ۔۔۔۔۔ بلاول بھٹو زرداری نے ملک کو درپیش سب سے بڑے خطرے کی نشاندہی کردی

 گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات نہ ہوئے تو ۔۔۔۔۔ بلاول بھٹو زرداری نے ملک کو ...
 گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات نہ ہوئے تو ۔۔۔۔۔ بلاول بھٹو زرداری نے ملک کو درپیش سب سے بڑے خطرے کی نشاندہی کردی

  

 اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)  چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے آل پارٹیز کانفرس کے حوالے سے اہم قومی سیاسی رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے اے پی سی بارے تبادلہ خیال کیا ہے جبکہ پارٹی رہنماؤں سے بلاول ہاؤس میں منعقدہ مشاورتی اجلاس میں اے پی سی  ایجنڈے پر غور اورپارٹی رہنماؤں سے تجاویز طلب کرتے ہوئے  انتظامات کے حوالے سے بریفنگ لی اور میڈیا سٹریٹجی  کو حتمی شکل دی گئی ،دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری نےکہاہے کہ گلگت بلتستان میں فیئر اینڈ فری الیکشن نہ ہونا ملک کے لئے ایک بڑا نیشنل سیکیورٹی رسک ثابت ہوسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نےگلگت بلتستان میں اپنی پارٹی کو بھرپور الیکشن مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے  کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے الیکشن جیت کر آپ نے بھٹو شہید اور بی بی شہید کے مشن کو پورا کرنا ہے،  گلگت بلتستان کے جیالے گھر گھر جائیں اور بھٹو شہید کے پیغام کو عوام میں پہنچائیں۔

ادھرچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صدر آصف علی زرداری کی ویڈیو لنک کے ذریعے اے پی سی میں شمولیت کی تصدیق کردی  اور کہاکہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری بھی آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہوں گے جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل، بی این پی عوامی کے سربراہ اسرار اللہ زہری ،قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ  سمیت اہم قومی رہنماؤں کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ ڈاکٹر عبدالمالک  بلوچ،آفتاب احمد خان شیر پاؤ،اسرار اللہ زہری نے بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہونے کی یقین دہانی کرا دی جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے سردار اختر مینگل سے اے پی سی میں بی این پی کا وفد بھیجنے کے فیصلے پر اظہار تشکرکیا ۔

دوسری طرف پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں زرداری ہاؤس میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا ،اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی ایجنڈے پر غور اورپارٹی رہنماؤں سے تجاویز طلب کیں، بلاول بھٹو زرداری نے آل پارٹیز کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ لی اور اے پی سی کے حوالے سے میڈیا سٹریٹجی کو بھی حتمی شکل دی۔مشاورتی اجلاس میں یوسف رضا گیلانی، نیر بخاری، فرحت اللہ بابر، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ ،رخسانہ بنگش، نوید قمر، چوہدری منظور، نفیسہ شاہ، مصطفی نواز کھوکھر، نذیر ڈھوکی اور عثمان غازی بھی شریک ہوئے۔

مزید :

قومی -