’شہباز شریف اور بلاول بھٹو ٹھپہ مافیا کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، دھاندلی کا نظام بند ہو ا تو اپوزیشن کا بوریا بستر گول ہو جائے گا‘وزیر مملکت فرخ حبیب کا دعویٰ

’شہباز شریف اور بلاول بھٹو ٹھپہ مافیا کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، دھاندلی کا ...
’شہباز شریف اور بلاول بھٹو ٹھپہ مافیا کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، دھاندلی کا نظام بند ہو ا تو اپوزیشن کا بوریا بستر گول ہو جائے گا‘وزیر مملکت فرخ حبیب کا دعویٰ

  

فیصل آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے الزام عائد کیا ہے کہ شہباز شریف اور بلاول زرداری ٹھپہ مافیا کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، اپوزیشن کے اعتراضات میں کوئی جان نہیں، اگر دھاندلی کا نظام بند ہو گیا تو اپوزیشن کا بوریا بستر گول ہو جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ ہم تو اپوزیشن کو کہتے ہیں کہ اپنی تسلی کے لئےالیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم )کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروا لیں،ابھی انتخابات میں دو سال باقی ہیں ،ایک دن میں دوہزارجبکہ ایک مہینے میں ساٹھ ہزار مشینیں تیار ہو سکتی ہیں،اپوزیشن کے تمام اعتراضات مفروضوں پر مبنی ہیں،اچھا جی ڈبہ نہیں کوئی اٹھاکے لے جائے گا؟کوئی جعلی ووٹ نہیں ڈال دے گا؟ان کے اعتراضات تو ایسے ہی ہیں کہ میں اگر کولڈ ڈرنک پئیوں گا تو میرا گلہ خراب ہو جائے گا ،میں گاڑی باہر لے کر نکلوں گا تو میرا ایکسڈینٹ ہو جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس اب صرف دو سال کا وقت ہے، صاف اور  شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،الیکشن کمیشن کو اپنی ذمہ داری پوری کرناچاہیے،عملےکی تربیت اور ووٹرز کو آگاہی دینا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ماضی میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے اقدامات نہیں کیے گئے، اپوزیشن ماضی میں الیکشن کمیشن کو دھاندلی کا ذمہ دارقرار دے چکی ہے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے اس بات پرحیرت کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف، بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کو الیکشن کمیشن نوٹسز جاری نہیں کرتا،اپوزیشن نے الزام لگائے تو کوئی نوٹس نہیں لیکن ہمیں تو نوٹسز پر نوٹسز بھیجے جاتے ہیں ،یہ پتھر کا نہیں ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے،دنیا جدت کی طرف چلی گئی ہم وہی پرانا نظام چلا رہے ہیں، اگر دھاندلی کا نظام بند ہوگیا تو اپوزیشن کا بوریا بستر گول ہوجائے گا،مافیا ملک میں شفاف الیکشن نہیں چاہتا، اپوزیشن شفاف الیکشن کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

مزید :

قومی -