تھائی لینڈ کے چڑیا گھر میں موجود ’’ہپو ‘‘کا بچہ توجہ کا مرکز

Sep 19, 2024 | 12:33 AM

بنکاک (ڈیلی پاکستان آن لائن)تھائی لینڈ کے ایک چڑیا گھر میں دریائی گھوڑے (ہپو) کا بچہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ مُو ڈینگ بہت نٹ کھٹ ہے، ہر وقت کھیلتا رہتا ہے۔ بچے اُسے دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں۔ اس ہپو کے بچے کو دیکھنے کے لیے لوگوں نے بڑی تعداد میں چڑھا گھر کا رخ کرنا شروع کردیا ہے۔

چونبُری شہر کے کھاؤ کھیاؤ چڑیا گھر کی انتظامیہ نے چڑیا گھر کی سیر کے لیے آنے والوں میں تعداد میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر ویک اینڈ پر ہپو کے انکلوژر کے سامنے کھڑے ہونے کا دورانیہ پانچ منٹ رکھا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ہپو کے بچے کو دیکھ کر محظوظ ہوسکیں۔

ہپو کا یہ بچہ پِگمی نسل سے تعلق رکھتا ہے۔ دریائی گھوڑوں کی یہ نسل معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار ہے کیونکہ دنیا بھر میں ایسے دو سے ڈھائی ہزار ہپو ہی باقی بچے ہیں۔ ہپو کی یہ نسل بچانے کے لیے دنیا بھر میں حکومتیں مختلف اقدامات کر رہی ہیں۔ شکار پر مکمل پابندی عائد ہے۔

مزیدخبریں