جامعات مالی بحران کا شکار
جنوبی پنجاب کی بعض جامعات اِس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبے کی زیادہ تر جامعات میں مہنگائی کی وجہ سے داخلوں کے مطلوبہ اہداف پورے نہیں ہو پائے اور اُنہیں معاشی مسائل کا سامنا ہے، زیادہ بُرا حال اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا ہے جہاں تنخواہوں کی تاخیر معمول بن چکی ہے، پٹرول کی ادائیگیاں بھی تعطل کا شکار ہیں جس سے ٹرانسپورٹ سروس بھی بند ہو گئی ہے۔ ملتان کی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی، جامعہ ایمرسن، ویمن یونیورسٹی اورمیاں محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں بھی داخلے کم ہوئے جس کے باعث اِن کے معاشی حالات بھی مسائل کا شکار ہیں جبکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی طرف سے بھی جامعات کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔ ایچ ای سی کو چاہیے کہ وہ جنوبی پنجاب کی اِن جامعات کے مالی بحران کے حل کے لیے فنڈز کو بڑھاتے ہوئے درپیش مسائل کے حل پر توجہ دے تاکہ خطے میں اعلیٰ تعلیم کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہ سکے۔