زرعی لاٹس کی نیلامی نہ ہو سکی، وقف املاک ملتان زون افسران کی سرزنش

  زرعی لاٹس کی نیلامی نہ ہو سکی، وقف املاک ملتان زون افسران کی سرزنش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                                لاہور(حسن عباس زیدی)متروکہ وقف املاک بورڈ ملتان زون کے افسران اور ذمہ داران کی سیکرٹری آفس طلبی پر سرزنش، تفصیلات کے مطابق محکمہ کے ارباب اختیار نے3500زرعی لاٹس کی لیز پر نیلام نہ ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ابتدائی طور پر ملتان زون کے افسران کو محکمانہ ریکارڈ سمیت طلب کرکے ان کی سرزنش کی۔ایسی زرعی لاٹس جو نیلام نہ ہونے کے باوجود کاشت ہوئی ہیں ان پر قابض افراد سے ریکوری کے احکامات جاری کئے گئے۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری فرید اقبال نے ”پاکستان“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فیلڈ سٹاف کی جانب سے پیش کی گئی وجوہات اور زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے ان سے لیز منی،ریزرو ریٹس میں کمی لانے،زرعی لاٹس میں شامل بنجر اراضی کو3کی بجائے 15اور30سال کی لیز پر دینے کی تجاویز بھی طلب کی گئی ہیں۔ ملتان زون کے افسران اپنی تعمیلی رپورٹس 30ستمبر تک جمع کروانے کے پابند ہیں۔ایک سوال کے جواب میں فرید اقبال نے بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام ملک بھر میں گرودواروں اور مندروں کے نام پر موجود غیر مسلم وقف 7000 زرعی لاٹس موجود ہیں جو ہر سال قواعد و ضوابط کی روشنی میں نیلامی کے بعد لیز پر دی جاتی ہے۔ تاہم گزشتہ کئی برسوں سے لیہ،مظفر گڑھ، بہاولپو ر، منکیر ہ، چکوال،جہلم اور حسن ابدال سمیت دیگر اضلاع میں موجود 3500زرعی لاٹس نیلام نہیں ہوسکیں جس کے باعث ادارے کو مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈعطاء الرحمن کی ہدایت پر ایک اہم اجلاس  میں ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن شاہد بشیر و دیگر نے شرکت کی تھی۔دوران اجلاس یہ بات شدت سے سامنے آئی تھی کہ متروکہ وقف املاک بورڈمیں پٹواریوں کی قلت کے سبب روزمرہ معاملات خراب ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں مختلف اضلاع کی زرعی لاٹس نیلام نہ ہونے کا معاملہ بھی زیر غور آیا تھا۔فرید اقبال نے مزید بتایا کہ اجلاس میں کمپیوٹر پروگرامز سیشن اور آئی ٹی سیکشن نے بتایا کہ یر مسلم وقف املاک کی ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے کی وجہ سے آگے بڑھنے میں بہت مدد ملی ہے۔سیکرٹری فرید اقبال سے گفتگو کے موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن شاہد بشیر بھی موجود تھے انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے معاملات دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہیں۔