سپیکر ایاز صادق کا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اخراجات میں کمی کا فیصلہ

Sep 19, 2024 | 01:27 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپیکر ایاز صادق نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اخراجات میں کمی کا فیصلہ کیا ہے، سپیکر نے اس حوالے سے سٹیشنری سمیت دیگر آئٹمز میں 50فیصد کٹوتی کی ہدایت کردی،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کفایت شعاری سے متعلق سرکلر جاری کر دیا۔

سما ٹی وی کے مطابق سرکلر میں کہا گیا ہے کہ سٹیشنری آئٹمز اور دیگر اشیا کا محتاط استعمال یقینی بنایا جائے،سٹیشنری، دیگر اشیا مہینے میں صرف ایک بار ہی طلب کی جاسکتی ہیں،سٹیشنری ،دیگر اشیا گریڈ20یا بالا افسر کی اجازت سے ہی ملے گی،ایڈمن نے 2افسروں کو غیرضروری سٹیشنری پر 50فیصد کٹوتی کااختیار دیدیا۔

سرکلر کے مطابق سٹیشنری میں کمی کیلئے کاغذ اور نوٹ شیٹ کا دونوں اطراف سے استعمال لازمی قراردیاگیاہے،سرکلر میں کہا گیا ہےکہ اسمبلی سیکرٹریٹ میں کاغذ کا دو طرفہ استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے،اسمبلی سیکرٹریٹ کیلئے غیراستعمال شدہ سرکلر دوبارہ استعمال کرنا ضروری قراردیا گیا ہے۔

ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ سرکلرز کی فالتو کاپیوں پر خالی جگہ ہو تو ڈرافٹ کیلئے استعمال کی جائیں،ڈرافٹ لکھنے کیلئے آف سیٹ پیپر اور نوٹ شیٹ کا استعمال ممنوع ہوگا۔

اس کے علاوہ سرکلر میں دفاتر کے ٹیلی فون کا بھی محتاط استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے،جاری ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ جن دفاتر کی کوئی حد نہیں، وہ بھی ٹیلی فون کا استعمال کم کریں،مقررہ حد رکھنے والے افسران بھی دفتر کے ٹیلی فون بلوں میں کمی لائیں۔

تمام افسران، شعبہ جات کو کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عمل کی ہدایت کی گئی ہے،سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد قومی مفاد میں غیرضروری اخراجات کو کم کرنا ہے۔

مزیدخبریں