پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بنگلہ دیش آڑے آگیا

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بنگلہ دیش آڑے آگیا

  

   لاہور(آن لائن) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بنگلہ دیش آڑے آگیا‘ اپنی ٹیم نہ بھیج کر نہ صرف مزید رکاوٹیں پیدا کردیں بلکہ دنیائے کرکٹ میں پاکستان کے اس کیس کو بھی مزید کمزور کردیا گیا جس میں پی سی بی حکام کی جانب سے کرکٹ حکام سے یہ مطالبہ کیا جارہا تھا کہ وہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے معاونت کریں تاہم متعدد ممالک کے بورڈ حکام نے پاکستان پر واضح کیا ہے کہ جب بنگال ٹائیگرز جیسی ٹیم پاکستان میں کھیلنے کیلئے تیار نہیں تو ہم اپنی ٹیموں کو پاکستان کیسے بھیج سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف نے حال ہی میں دبئی میں متعدد ممالک کے کرکٹ بورڈز کے حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں ان سے استدعاءکی گئی کہ وہ اپنی ٹیمیں پاکستان بھیجیں تاکہ پاکستان کے ویران میدان دوبا رہ آباد ہوسکیں لیکن ان حکام کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش دو مرتبہ انکار کرچکا ہے۔ جب بنگال ٹائیگرز نہیں آرہے تو ہم کیسے اپنی ٹیمیں بھیج سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے اس انکار نے نہ صرف پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے مزید مشکلات پیدا کردی ہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کوشاں پاکستان کا کیس بھی مزید کمزور کردیا گیا ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -