ایم ایم عالم روڈ کے درختوں میں پر اسرار آتشزدگی آگ جنات نے لگائی (عجیب و گریب افواہیں)
لاہور (چودھری احسن حسن) ریسٹورنٹس، ہوٹلز، بوتیک اور فیشن کے حوالے سے عالمگیر شہرت کی حامل ایم ایم عالم روڈ گلبرگ پر لگے درخت پُر اسرار طور پر آگ لگنے کے باعث جل کر خاک ہوگئے، جس کے بعد ایم ایم عالم روڈ پر ٹریفک کا پہیہ جام ہوگیا اور مختلف قسم کی افواہیں پھیلنے لگیں معلوم ہوا ہے کہ ایم ایم عالم روڈ پر قطار میں لگے خوبصورت اور پرانے درخت اچانک آگ اُگلنے لگے۔ آگ نے کئی درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔ راہگیروں اور مقامی تاجروں، دفاتر کے اہلکاروں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی، جنہوں نے ایمرجنسی 1122 کو اطلاع دی۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر آکر آگ پر قابو پایا تاہم اس سے قبل کئی درخت جل کر خاکستر ہو چکے تھے۔ مقامی افراد درخت میں لگنے والی آگ کو جنات کی کارروائی قرار دے رہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم عالم روڈ کے کئی درختوں پر جنات کا سایہ ہے۔ ان درختوں میں سے اکثر پانی بھی نکلتا رہتا ہے جبکہ جمعہ کے روز ایک درخت میں جنات نے آگ لگائی جس نے دوسروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم ریسکیو1122 والوں کا کہنا تھا کہ آگ درخت پر سلگتا سگریٹ پھینکنے سے لگی تھی۔