صدر زرداری عوام میں آکر دیکھیں لوگ انھیں کس نام سے یاد کرتے ہیں
لاہور( این این آئی) سابق وزیر اعلیٰ پنجا ب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر زرداری کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ عوام میں آکر دیکھیں کہ لوگ انہیں کس نام سے یاد کرتے ہیں‘ہم نے جس رفتار سے شہری علاقوں میں ترقیاتی کام مکمل کیے آئندہ دیہی علاقوں میں اس سے دگنی رفتار سے ترقی کرائیں گے‘جمہوریت دشمنوں نے ایک نووارد پارٹی کو پنجاب میں پیپلز پارٹی کی راہ ہموار کرنے کا فریضہ سونپا ہے لیکن میں پیشگوئی کرتا ہوں کہ ان دونوں پارٹیوں کے ووٹ ملا کر بھی مسلم لیگ (ن) کے برابر نہیں ہوں گے۔شہباز شریف نے جمعہ کے روز مسیحی آبادی یوحنا آباد سمیت اپنے حلقہ انتخابات کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور عوام کے متعدد اجتماعات سے خطاب کیا۔ یوحنا آباد میں مسیحی برادری کی طرف سے شہباز شریف کا شاندار استقبال کیا گیا۔مسیحیوں کے پر شکوہ استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے خادم پنجاب نے کہا کہ بحیثیت پاکستان مسیحی اور مسلمان بھائی بھائی ہیں۔ ہم نے اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ نہ کبھی کوئی زیادتی برداشت کی ہے اور نہ آئندہ کسی کو اس طرح کی اجازت دیں گے۔ انہوں نے برسراقتدار آکر یوحنا آباد کو ماڈل بستی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی بھائیوں نے قیام پاکستان سے لے کر دفاع پاکستان تک جو تاریخی کردار ادا کیا ہے اس سے کوئی ذی شعور انکار نہیں کر سکتا۔ ہم دوبارہ اقتدار میں آکر مسیحی بھائیوں کے بچوں کو ملازمتیں بھی دیں گے اور تعلیمی وظائف بھی۔قبل ازیں محمد شہباز شریف نے تقریباً پانچ گھنٹے تک اپنے حلقے کا دورہ کیا اور جیابگا، کنگرے، کریال، دھوندے، لدھے کی، وطنے، نشتر کالونی میں بھی عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں دو د نوں سے لاہور کے دیہی اور شہری علاقوں کا تفصیلی دورہ کر رہا ہوں، میں نے عوام میں میاں نواز شریف اور مسلم لیگ کے لیے جو محبت دیکھی ہے وہ اس امر کا پیغام دیتی ہے کہ پاکستان کے آئندہ وزیراعظم نواز شریف ہونگے۔ انہوں نے اقتدار میں آکر میٹرو بس سروس کو کاہنہ تک توسیع دینے کا اعلان بھی کیا۔