مشرف سے پوچھ گچھ کیلئے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی قائم، مزید ”اہم“ گرفتاریوں کا امکان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس نے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کو نظر بند کرنے کے مقدمے میں مزید گرفتاریوں کا عندیہ دے دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس مقدمے میں سابق فوجی صدر پرویز مشرف اکیلے ملزم نہیں ہیں۔ پولیس کے اس بیان سے لگتا ہے کہ پولیس جلد ہی اس کیس کی تفتیش کا دائرہ وسیع کرے گی اور تفتیش کی روشنی میں مشرف حکومت میں ججز نظربندی کی تائید و حمایت کرنے اور احکامات جاری کرنے والے بھی گرفت میں آئیں گے۔ دوسری جانب کمشنر اسلام آباد نے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) قائم کر دی ہے۔ مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی ایس پی کیپٹن (ر) الیاس کریں گے جبکہ آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندے بھی اس میں شامل ہوں گے۔ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔