تعلیم و صحت راؤنڈاپ

تعلیم و صحت راؤنڈاپ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پاک ترک سکول آصفہ عرفان گرلزکیمپس کی چوتھی سالگرہ ۔۔۔ رنگا رنگ تقریب کا انعقاد
پاک ترک سکولز کا شمار پاکستان کے بہترین اورمعیاری سکولز وکالجزمیں ہوتا ہے جس کاواضع ثبوت قومی بین الاقوامی سطح پر سکولز کے نتائج نصابی وغیرنصابی تعلیمی سرگرمیوں اور مقابلوں میں ان کے طلبہ وطالبات کی شاندار کارگردگی ہے۔ گزشتہ ہفتے پاک ترک سکول آصفہ عرفان گرلزکیمپس کی چوتھی سالگرہ کی رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں بڑی تعداد میں میں طالبات نے شرکت کی ، اس موقع پرپرنسپل اورریجنل کوارڈینٹرو ڈائریکڑایڈمنسٹریشن اسلم بھٹی نے کہا کہ سکول کی سالگرہ کامقصدطلبہ و طالبات کو اپنی مادر علمی ،درسگاہ اور تعلیم ومعلم کی اہمیت اور ان سے محبت کواجاگرکرناہے۔یہ واحد سکولزاور ادارے ہیں جو آکسفورڈ یونیورسٹی کی طرف سے پاکستان کے نمبرون کوالٹی اور معیاری ادارے قرار دئیے گئے ہیں۔ اس سال بچوں نے لاہوربورڈ اور کیمرج یونیورسٹی کے امتحانات میں ٹاپ پوزیشنز لی ہیں ۔ حکومت پاکستا ن کا ان اداروں کوبند نہ کرنے کافیصلہ قابل ستائش ہے جس سے 15000 طلبہ وطالبات اور 2000اساتذہ کامستقبل وابستہ ہے۔ سکول میں کتاب میلے اور معروف ونامور خطاط اور مصورشفیق فاروقی کے فن پاروں کی نمائش اورتقریب کا بھی اہتمام کیاگیاتھاجس میں والدین اور معروف شخصیات نے کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
جامعہ گجرات کے مرکز برائے السنہ و علوم ترجمہ کے زیر اہتمام’’ترجمہ اور نفاذ اُردو‘‘ کے موضوع پر سیمینار
جامعہ گجرات کے مرکز برائے السنہ و علوم ترجمہ کے زیر اہتمام’’ترجمہ اور نفاذ اُردو‘‘ کے موضوع پر کامیاب سیمینارکا انعقاد کیا گیاشریک محققین و دانشوروں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ ترجمہ کے عمل کو زبان کے ارتقا میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ پاکستان کی دیگر قومی و علاقائی زبانوں کے فروغ و ترقی میں عمدہ تراجم ممدو معاون ہیں۔ اس سیمینار کے مہمانان اعزازی میں معروف دانشور و محقق پروفیسر ڈاکٹر مرزا حامد بیگ، پروفیسر ڈاکٹر تبسم کاشمیری اور ڈاکٹر عالیہ سہیل خان کے علاوہ معروف کالم نگار و ادیب شیخ عبدالرشید شامل تھے۔ سیمینار کے میزبانی کا فریضہ سربراہ مرکز برائے السنہ و علوم ترجمہ ڈاکٹر غلام علی نے سرانجام دیا۔ قبل ازیں مہمانان اعزازی کو مرکز کے تحت قائم دارالترجمہ کا دورہ کروایا گیا جہاں اس وقت حکومت پنجاب کے قوانین کے اُردو ترجمہ کا کام بخوبی جاری ہے۔ ڈاکٹر مرزا حامد بیگ نے کہا کہ ترجمہ ایک عملِ خیر ہے جو ہمیشہ نسل انسانی کی فکر ی تربیت کا باعث بنتا ہے۔ زبانوں کے ارتقا میں تراجم اہم کردار ادا کرتے ہوئے قومی لسانی ضروریات کی تکمیل کا سبب بنتے ہیں۔ پاکستان کی قومی زبانوں کی ترقی عمدہ ترجمہ کاری سے مشروط ہے۔ ڈاکٹر تبسم کاشمیری نے کہا کہ ترجمہ نے بنی نوع انسان کی فکری و تہذیبی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے مختلف لسانی گروہوں کے طرزِ احساس و فکر کو تقویت دی ہے۔ زبانیں ہمیشہ معاشی قوت و محرک کے ذریعے طاقتور بنتی ہیں۔ مسلم تہذیب و ثقافت نے تراجم کے سلسلہ میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ عصرِ حاضر میں ترجمہ کا عمل ہماری قومی لسانی ضروریات کو بخوبی پورا کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر عالیہ سہیل خاں نے کہا کہ مترجمین ثقافتی سفیر کا درجہ رکھتے ہیں۔ زبان قوموں کی داخلی زندگی میں اپنا کردار نبھاہتے ہوئے انہیں پہچان عطا کرتی ہے۔ زبان وہ سربستہ راز ہے جس میں کسی قوم و ثقافت کے مختلف روپ پوشیدہ ہوتے ہیں۔ جامعہ گجرات قومی و علاقائی زبانوں کے فروغ کے لیے بیش قیمت اقدامات کر رہی ہے۔ طلبہ میں پاکستانیت کا فروغ خوش آئند ہے۔ شیخ عبدالرشید نے کہا کہ ترجمہ کا عمل قوموں اور تہذیبوں کے مابین رابط کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ترجمہ مختلف لسانی روایتوں کو یکجا کرتے ہوئے زبان کو اسلوب و اظہار کی نئی جہتوں سے روشناس کرواتا ہے۔ مادری و علاقائی زبانوں کا فروغ اصلاً بنیادی انسانی حقوق کی نگہبانی ہے۔ آزادئ اظہار قومی و علاقائی زبانوں کے فروغ و ترقی پر منحصر ہے۔ ڈاکٹر غلام علی نے کہا کہ عصرِ حاضر عالمگیریت کا دور ہے۔ قوموں کی بقا میں زبان نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ علمی ترقی کے لیے ترجمہ کاری ناگزیر ہے۔ عوام تک قوانین کی آسان اور عام رسائی کے لیے ان کا عوامی زبانوں میں ترجمہ لازم امر ہے۔ زبان کی جڑت ہمیشہ دھرتی کے ساتھ ہوتی ہے۔ ڈاکٹر غلام علی نے مرکز برائے السنہ و علوم ترجمہ اور دارالترجمہ کی نوعیت و اہمیت، اغراض و مقاصد پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر غلام علی نے چیف لائبریرین کاظم علی سید کے ہمراہ مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں تقریب
رواں ہفتے میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں اولڈ راوینز یونین کے سالانہ عشائیہ کی تقریب میں سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی نے سینئر صحافی حامد میر کو انکی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا۔ حامد میر نے ایوارڈ ملنے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دْنیا بھر سے بڑے بڑے ایوارڈز ملے ہیں لیکن گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں اولڈ راوینز یونین کی جانب سے ملنے والے اس ایوارڈ سے انہیں بے حد خوشی ہے۔ اْن کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں بطور طالبعلم یادگار دن گزرے اور اْنہیں آج بھی یاد ہے کہ بطور کرکٹ پلیئر اْن کی ٹیم نے 780 رنز کا ریکارڈ بنایا تھا جو آج تک نہیں ٹوٹا۔
تعلیمی اداروں کو نشہ کی لعنت سے محفوظ رکھنے کی غرض سے خصوصی کمیٹی کادوسرااجلاس
راواں ہفتے میں حکومت پنجاب کی جانب سے تعلیمی اداروں کو نشہ کی لعنت سے محفوظ رکھنے کی غرض سے تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کا دوسرااجلاس ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ میں صوبائی وزیر سکولز ایجو کیشن رانا مشہود احمد خاں کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی اوراینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب کے ریجنل ڈائریکٹر کے علاوہ سکولز ایجوکیشن ، ہائر ایجوکیشن، سماجی بہبود ، ایکسائز اور پولیس کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی سمیت تمام نشوں کی مکمل ممانعت کو یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ انسدادِ منشیات کے اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے تعلیمی ادارے اپنے فوکل پرسنز مقرر کریں ۔اس حوالے سے زیرو ٹالرسنس کی پالیسی اپناتے ہوئے انفورسمنٹ کے ادارے مل کر کام کریں ۔ تعلیمی اداروں کو نشہ سے پاک رکھنے کیلئے جامع پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے۔جس کیلئے سفارشات مرتب کر کے وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائیں گی۔
3روزہ پولیو مہم کا آغاز
پنجاب بھر میں تین روزہ پولیو کی مہم کا آغاز ہو چکا ہے ۔ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کی صحت محافظ ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر کے ایک کروڑ ستاسی لاکھ سے زائد بچوں کوپیر کے روز سے شروع ہونے والی مہم میں پولیو کے قطرے پلائیں گی ۔ یہ پولیومہم ملک بھر میں منعقد کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے چوالیس ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں موبائل، ٹرانزٹ،اور فکسڈ ٹیمیں شامل ہیں۔ موحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی وجہ سے بڑے شہروں خاص طور پر لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں خصوصی توجہ دی جائے گی۔ یاد رہے پنجاب میں اس سال لودھراں میں پہلا پولیو کیس رپورٹ ہوا۔ اس سے پہلے پنجاب میں 14 ماہ تک کوئی ایک کیس بھی رپورٹ نہیں ہوا۔

مزید :

ایڈیشن 2 -