اعلیٰ سطحی ٹریفک مینجمنٹ کمیٹی میں لاہور چیمبر کے نمائندے شامل ہونگے: سی ٹی او

اعلیٰ سطحی ٹریفک مینجمنٹ کمیٹی میں لاہور چیمبر کے نمائندے شامل ہونگے: سی ٹی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامرس رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر رائے اعجاز احمد نے کہا ہے کہ احتجاج کے نام پر سڑکیں بند کرنا کسی کا حق نہیں بلکہ قانون کی خلاف ورزی ہے جس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، نائب صدر محمد ناصر حمید خان اور ممبران سے لاہور چیمبر میں خطاب کرتے ہوئے سی ٹی او نے کہا کہ کسی کو بھی احتجاج کے لیے ٹریفک کا نظام درہم برہم کرکے بھاری تجارتی و معاشی نقصان کا سبب بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ طاہر منظور چودھری، میاں زاہد جاوید، شاہد نذیر، میاں عبدالرزاق، جاوید صدیقی، وقار احمد میاں، اشرف بھٹی، شاہد اقبال بٹ و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ رائے اعجاز احمد نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ممبران کو لائسنس جاری کرنے کے لیے لاہور چیمبر میں سنٹر قائم کرنے کو تیار ہیں، ٹریفک پولیس کو عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس حوالے سے ایک تربیتی ونگ بھی بنایا گیا ہے ۔ لاہور کی سطح پر ٹریفک مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جس میں لاہور چیمبر کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ لائسنس اجراء کے موجودہ سنٹرز گیارہ ہیں جن میں اضافہ کیا اور جدید ترین سہولیات متعارف کرائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عارضی اور مستقل تجاوزات کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی وضع کی جارہی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ اورنج ٹرین کے تعمیری کاموں کی وجہ سے بالخصوص مارکیٹوں میں بْرا حال ہے، اضافی ٹریفک کو متبادل راستوں پر شفٹ کرکے مسئلہ حل کیا جائے۔


انہوں نے کہا کہ سگنل خلاف ورزی ہورہی ہو تو تصویر میں گاڑی کے ساتھ ٹریفک سگنل بھی نظر آئے، مارکیٹوں اور آس پاس کی سڑکوں پر اضافی ٹریفک وارڈنز متعین کیے جائیں۔ کیٹ آئیز ٹائروں کو تباہ کردیتی ہیں جس کی وجہ سے سنگین حادثات رونما ہورہے ہیں، ان کے بجائے بین الاقوامی معیار کے مطابق سپیڈ بریکرز بنائے جائیں۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر حمید خان نے کہا کہ مال روڈ پر احتجاج اور جلسے جلوسوں پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، فروری میں دوران احتجاج دہشت گردی کی وجہ سے فرض شناس افسر کیپٹن سید مبین احمد اور ایس ایس پی زاہد گوندل سمیت دیگر قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے لیے ناصر باغ مختص کردیا جائے اور سڑکیں بند کرنے کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے۔ آخر میں کیپٹن (ر) مبین احمد اور ایس ایس پی زاہد گوندل کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

مزید :

کامرس -