عوامی رکشہ یونین کا پرائیویٹ کاروں کو ٹیکسی ظاہر نہ کرنے کے خلافمظاہرہ

عوامی رکشہ یونین کا پرائیویٹ کاروں کو ٹیکسی ظاہر نہ کرنے کے خلافمظاہرہ

لاہور(کامرس رپورٹر)عوامی رکشہ یونین پاکستان نے ایل ٹی سی کے ظالمانہ چالانوں اور پرائیویٹ کاروں کو ٹیکسی ڈکلیئرنہ کرنے کے خلاف کلمہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ۔ اس احتجاجی مظاہرے کی قیادت چیئرمین عوامی رکشہ یونین مجید غوری کر رہے تھے کارکنو ں نے بینر اورپلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔مظاہرہ تین گھنٹے تک جاری رہا اس کے بعد کارکن پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجید غوری نے کہا کہ ہم نے مال روڈ کے دھرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جس دن پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوگا اس دن ہم پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے۔وزراء اور ارکان اسمبلی کی گاڑیوں کے آگے لیٹ کر ان کو اندر جانے سے روکیں گے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے پہلے ہی غریب عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے اس پر سونے پر سہاگہ یہ کہ حکومت رزق حلال کمانے والوں کو بے روزگار کرنے پر تلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ واضع کر دینا چاہتے ہیں کہ ایل ٹی سی کو ہمارے چالانوں سے روکا جائے۔ ہمارا چالان صرف ٹریفک وارڈنز کریں کیونکہ ایک جرم کی دوہری سز ا قبول نہیں۔ شہر بھر میں ہمیں سٹینڈ فراہم کئے جائیں اورروٹ پرمٹ پر جرمانے معاف کئے جائیں اور پرائیویٹ کاروں کو ٹیکسی کامونو گرام لگایا جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1