نظام درست کرنے کیلئے کرپٹ عناصر کو لٹکانا ہوگا ،حماد اظہر

نظام درست کرنے کیلئے کرپٹ عناصر کو لٹکانا ہوگا ،حماد اظہر

لاہور( شہزاد ملک ) پاکستان تحریک انصاف لاہور کے سیکرٹری جنرل میاں حماداظہرکا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کی سیاسی موت واقع ہوگئی، صرف تدفین کا اعلان باقی ہے۔ سب کا اللہ ایک ہے تو شریف خاندان امیر تر اور عام شہری غریب تر کیوں ہے؟ بچے بوڑھے قہر کی گرمی میں طویل لوڈ شیڈنگ پر جھولیاں اٹھاکر شریف اینڈ کمپنی کو بد دعائیں دے رہے ہیں، مہنگائی اور بیروزگاری سے عوام خودکشیاں کررہے ہیں۔ تعلیم ، صحت اور انصاف کا حصول خواب بن چکا ، باشعور ووٹرز ’’شریف اینڈ کمپنی ‘‘کو آئندہ انتخابات میں دھول چٹادیں گے۔ خصوصی گفتگوکرتے ہوئے میاں حماد اظہر کاکہنا تھا کہ (ن)لیگ جھوٹے، قرض خوروں، بدمعاشوں اور گلوبٹ شخصیات کا مجموعہ ہے جو اقتدار کی خاطر کسی سے بھی ڈیل کرسکتا ہے، لیکن چیئرمین عمران خان کی انتھک محنت کے نتیجے سے عوام پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے گٹھ جوڑ کی اصلیت جان چکے ہیں، اب پڑھے لکھے افراد بھی ووٹنگ کیلئے گھروں سے نکلتے ہیں۔مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے میاں حماد اظہر نے کہاکہ اگر بڑی سیٹوں پر بیٹھے چند کرپٹ افراد کو لٹکادیاجائے تو نظام سدھار کی طرف چل پڑے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس کو اپنی ساکھ بحال کرنے کیلئے کرپٹ اور جرائم پیشہ لوگوں کوبلاامتیاز حوالات کے پیچھے لانا ہوگا کیونکہ پولیس کے چند بڑوں نے ثابت کیا ہے کہ ریاست اور قانون کی بجائے وہ سلطنت شریفیہ کے دفاع اور ان کے مفادات کو ترجیح سمجھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ایک ریٹائرڈ آئی جی کو ایڈوائزر بنادیاگیا ہے کیونکہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا سارا کھیل جانتا ہے۔ میاں حماد اظہر نے کہا کہ میثاق جمہوریت دراصل میثاق کرپشن اور میثاق ملک دشمنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ نے ہمیشہ تعلیم کے شعبے کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا کیونکہ یہ جانتے ہیں کہ اگر عوام پڑھ لکھ گئے تو وہ ان کی گاڑیاں روک کر احتساب کریں گے۔ میاں حماد اظہر نے کہاکہ جو لوگ سچے دل سے پاکستان سے محبت کرتے ہیں وہ پاکستان تحریک انصاف میں آئیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے کرپٹ جماعتوں کا انتخابات میں مقابلہ کرکے ان کی دھاندلی کے تمام طریقے جان لئے ہیں یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف نے صوبائی دارالحکومت میں بھی کامیابیاں سمیٹنا شروع کردی ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...