دفاع پاکستان کونسل نے ملک گیر نظریہ پاکستان مہم اور کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے حوالہ سے پروگراموں کا اعلان کر دیا

دفاع پاکستان کونسل نے ملک گیر نظریہ پاکستان مہم اور کشمیریوں پر ظلم و بربریت ...
دفاع پاکستان کونسل نے ملک گیر نظریہ پاکستان مہم اور کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے حوالہ سے پروگراموں کا اعلان کر دیا

  

اسلام آباد(آئی این پی)دفاع پاکستان کونسل نے ملک گیر نظریہ پاکستان مہم اور کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے حوالہ سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بڑے پروگراموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کیخلاف ممنوعہ ہتھیار استعمال کر رہا ہے ،بی جے پی سرکارکی ریاستی دہشت گردی دن بدن بڑھتی جارہی ہے، حکومت پاکستان ہندوستانی جارحیت پر خاموشی اختیا رنہ کرے،دنیا بھر میں اپنے سفارتخانوں کو متحرک کر کے انڈیا کے دہشت گردانہ کردار کو بے نقاب کیا جائے،تحفظ نظریہ پاکستان کی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی،حافظ محمد سعید و دیگر رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے، دشمن قوتیں اپنے مذموم ایجنڈوں کی تکمیل کیلئے انہیں نظربند دیکھنا چاہتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کی سٹیئرنگ کمیٹی کے نگران لیاقت بلوچ، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی،مولانا فضل الرحمن خلیل، قاری یعقوب شیخ اور مولانا عبدالرؤف فاروقی نے مرکز خالد بن ولید اسلام آباد میں سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس مو قع پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کے قتل عام کیخلاف چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں بھرپور آواز بلند کی جائے گی اور اس سلسلہ میں پہلے مرحلہ میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں بڑے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام 7مئی کو کراچی میں بڑا سیمینار ہو گا جس کی میزبانی جماعت اسلامی کرے گی۔ 14مئی کو لاہور میں ہونے والے پروگرام کی میزبان جماعۃالدعوۃ ہو گی جبکہ 11جون کو اسلام آباد میں انصار الامۃ کی میزبانی میں ایک بڑے سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کے قائدین کا کہنا تھا کہ دشمن قوتیں پاکستان کا گھیراؤ کر رہی ہیں۔ان کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے اورحافظ محمد سعید جیسے محب وطن رہنماؤں کی فی الفور رہائی کی ضرورت ہے۔ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی واستحکام کے تحفظ کیلئے ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ملک بھر کے کونے کونے میں جاکر پاکستانی قوم کوبھارت، امریکہ و دیگراسلام دشمن قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کی جانب سے کشمیر میں معصوم طلباء پر پیلٹ گن کے چھرے اور گولیاں برسائی جارہی ہیں۔ سینکڑوں طلباء زخمی اور ہزاروں افراد کو گرفتار کر کے پولیس تھانوں اور جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود کشمیریوں نے بھرپور احتجاج اور تاریخی ہڑتال کے ذریعہ ثابت کیا ہے کہ وہ غاصب بھارت کا ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مددوحمایت جاری رکھیں گے۔ حکومتی اور اپوزیشن جماعتیں کشمیر پاکستان کی شہ رگ والے موقف پر کاربند ہوں۔ ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کیلئے سوچنا ہو گا۔دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہاکہ حافظ محمد سعید کو نظریہ پاکستان اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کی وجہ سے نظربند کیا گیاہے۔ ان کیخلاف ماضی میں بھی بے بنیاد الزامات لگائے جاتے رہے ہیں تاہم لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے اپنے فیصلوں پر واضح طور پر قرار دیا تھاکیا کہ حافظ محمد سعید یا جماعۃالدعوۃ کے کسی اور رہنما کیخلاف لگایا گیا کوئی الزام ثابت نہیں ہے۔اب بھی ہم صاف طور پر کہتے ہیں کہ انہیں محض بھارتی و امریکی دباؤ پر نظربند کیا گیا ہے۔ بیرونی قوتوں کی کوشش ہے کہ حکومت پر دباؤ بڑھا کر انہیں نظربند رکھا جائے تاکہ وہ وطن عزیزپاکستان کیخلاف اپنی مذموم سازشوں اور ایجنڈوں کو پروان چڑھا سکیں۔حافظ محمد سعید و دیگر رہنماؤں کو فی الفور رہاکرنے کی ضرورت ہے۔

مزید : اسلام آباد