فرانس میں انتخابات پر دہشتگردی کی خطرناک سازش ناکام

فرانس میں انتخابات پر دہشتگردی کی خطرناک سازش ناکام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پیرس(آن لائن)فرانس کے پراسیکیوٹر جنرل نے ملک میں دہشت گردی کی ایک خطرناک سازش ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے مرسیلیا کے مقام سے دو مشتبہ دہشت گردوں کو حراست میں لیا ہے جن کے قبضے سے تین کلو گرام دھماکہ خیز مواد، داعش کا پرچم اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے پبلک پراسیکیوٹر جنرل فرانسو مولانس نے ایک بیان میں بتایا کہ صدارتی انتخابات سے پانچ روز قبل پولیس نے مرسیلیا سے دو مشتبہ دہشت گردوں 22 سالہ کلیمان اور 29 سالہ محی الدین کو حراست میں لیا۔ دوران تفتیش انہوں نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ دہشت گردوں کا اصل اور واضح ہدف انتخابات کے موقع پر خون خرابہ کرنا تھا تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرکے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔ فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلو گرام بارود، اسلحہ اور داعش کا پرچم بھی ملا ہے۔ واضح رہے کہ فرانس میں 23 اپریل کو صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ پولنگ کا دوسرا مرحلہ سات مئی کو ہوگا۔ انتخابات کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران فرانس میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں 230 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -