لوئر مال : گھریلوجھگڑے پر شرابی بہنوئی نے اینٹیں مار مار کر برادرنسبتی کو ہلاک کر دیا : ملزم گرفتار

لوئر مال : گھریلوجھگڑے پر شرابی بہنوئی نے اینٹیں مار مار کر برادرنسبتی کو ...

لاہور(خبر نگار) لوئر مال کے علاقہ میں گھریلو جھگڑے پر شراب کے نشے میں دھت بہنوئی نے بی اے پاس برادرنسبتی کو سر پر اینٹوں کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا،والدہ اور بہنوں پر غشی کے دورے جبکہ پورے علاقہ میں سوگ کا سماں طاری ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق مغل پارک بند روڈ کے رہائشی ریٹائرڈ سکول ٹیچر غلام رسول کے بھائی محمد شفیق عرف موتی کی بیٹی ارم کی رشتہ دار محمد حفیظ کے ساتھ چند سال قبل شادی ہوئی تھی، محمد حفیظ کی تین بچیاں ہیں اور بیٹا نہ ہونے پر وہ اپنی بیوی پر اکثر تشدد کرتا تھا ،تین روز قبل بھی محمد حفیظ نے اپنی بیوی پر تشدد کیا اور مار پیٹ کر گھر سے نکال دیا۔ گذشتہ رات حفیظ شراب کے نشہ میں دُھت ہوکر اپنے سسرال آیا اور آتے ہی سسرالیوں پر اینٹیں اور پتھر چلانا شروع کردئے ۔اس دوران بیس سالہ ارسلان نے اپنے بہنوئی کو سمجھانے کی کوشش کی تو اس نے اُس کے سر پر اینٹیں مار مار کر لہولہان کردیا ۔ بیس سالہ ارسلان کو خون میں لت پت ہونے پر محلے داروں نے میو ہسپتال پہنچایا مگر سر پر شدید چوٹیں آنے کے باعث زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ چل بسا۔ نوجوان ارسلان کی موت کی خبر سنتے ہی اُس کے گھر میں کہرام مچ گیا اوراُس کی والدہ اور بہنوں پر غشی کے دورے پڑنے لگے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی ۔ مقتول ارسلان کا جنازہ اٹھایا گیا تو اُس وقت ہر آنکھ اشکبار تھی اور پورے علاقے میں سوگ کا سماں تھا ۔مقتول کے بھائی خلقت رسول اور والد غلام رسول نے روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ ارسلان نے بی اے تک تعلیم حاصل کی تھی اور اپنے بہنوئی حفیظ کو لڑائی جھگڑے سے منع کرنے گیا تھا۔ مقتول کی والدہ اور بڑی بہن نے زاروقطار روتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل کی ہے جبکہ اس حوالے سے ایس پی سٹی کرار حسین بخاری نے بتایا کہ ملزم حفیظ کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...