لڑائی جھگڑے اور دھمکیوں کے مقدمے میں راضی نامہ ہونے پر ملزم بری
لاہور(نامہ نگار)جوڈیشل مجسٹریٹ حافظ شاہد نے لڑائی جھگڑے اور دھمکیوں کے مقدمے میں ملوث ملزم کو راضی نامہ کی بنیاد پر بری کرنے کا حکم دے دیا جبکہ ایک دوسرے مقدمہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جاوید قبال نے شراب کے مقدمے میں ملوث ملزم کی ضمانت 50ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کر لی ہے۔
پہلے مقدمہ میں غالب مارکیٹ پولیس نے ملزم کے خلاف درج مقدمات کا چالان پیش کیا،پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ملزم کے خلاف لڑائی جھگڑا اور شہری کو دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج کیا تھا،ملزم اور مدعی میں راضی نامہ ہو چکا ہے ،ملزم کو راضی نامہ کی بنیاد پر بری کیا جائے۔ فاضل جج نے راضی نامہ کی بنیاد پرملزم کو بری کردیا ۔دوسرے مقدمہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جاوید اقبال کے روبرو نصیر آباد پولیس نے ملزم سیسل مسیح کے خلاف درج مقدمے کا چالان پیش کررکھا تھا، پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ملزم سے چیکنگ کے دوران شراب برآمد کی تھی، ملزم کے پاس شراب لے جانے کا پرمٹ بھی موجود نہیں تھا جبکہ ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ملزم کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے ۔فاضل جج نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی ضمانت منظور کرلی ہے۔