سعودی عرب:بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی نجکاری کی جائیگی
جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی عرب میں بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی نجکاری کی جائے گی اور ہوائی اڈوں کو کمپنیوں کی حیثیت دے کرانہیں 2017ء کے وسط تک سرمایہ کاری فنڈ کے حوالے کردیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سول ایوی ایشن کے سربراہ نے سبق سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری سے احتساب اور شفافیت کا عمل بہتر ہوگا۔ سعودی عرب ہوائی اڈوں کی ملکیت قومی ذخائر کے حوالے کرے گا۔ یہ اقدام 2018ء کے وسط میں نجکاری کی طرف پہلا قدم ہوگا۔ سعودی حکومت ملک بھر میں بعض قومی ادارون کی نجکاری کی پالیسی پر عمل کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈوں کی نجکاری سے یہ فائدہ ہوگا کہ شہری ہوا بازی بورڈ نگرانی کے فرائض بہتر طور پر انجام دے گا جبکہ فراہم کی جانے والی خدمات میں بھی مزید بہتری آئے گی۔ اس وقت بورڈ ہوائی اڈوں کا نگران بھی ہے اور انہیں چلانے والا بھی۔نجکاری سے اس کا دائرہ کار نگرانی تک محدود رہ جائے گا۔ ایوی ایشن کے سربراہ نے بتایا کہ نجکاری کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہوائی اڈوں کے حصص فروخت کئے جائیں گے اور شیئر مارکیٹ میں ان کی خرید و فروخت ممکن ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈوں کو مختلف انداز سے فروخت کیا جائے گا۔ حکومت نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ ہوائی اڈوں میں اس کا کتنا حصہ ہوگا۔