امریکہ نے جوہری سمجھوتہ پر ایران کے عملدرآمد کی توثیق کردی

امریکہ نے جوہری سمجھوتہ پر ایران کے عملدرآمد کی توثیق کردی

واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکہ نے تصدق کردی ہے کہ ایران جوہری سمجھوتے کی شرائط پر عملدرآمد کررہا ہے، وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے ایوان نمائندگان کے سپیکر پال رائن کے نام خط میں جہاں ایران کیساتھ جوہری سمجھوتے کے جائزہ ایکٹ مجریہ15ء کے تحت یہ ضروری توثیق کی ہے وہاں یہ بھی بتایا ہے کہ وہ مختلف پلیٹ فارم اور طریقے استعمال کرکے مسلسل ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے۔ اس معا ملے میں کانگریس کو خبردار کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے بتایا کہ صدر ٹرمپ کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ اس امر کا جائزہ لے رہی ہے کہ کیا ایران پر سے پابندیاں اٹھانا امریکہ کے قومی سلامتی کے مفادات کے مطابق ہے۔ جوہری توانائی کے ایکٹ مجریہ 1954ء میں 2 2 مئی15ء کو عملدرآمد ہونیوالے ایران کے جوہری سمجھوتے کے جائزہ کے ایکٹ کے ذریعے ترمیم کی گئی تھی اور کانگریس کے ضوابط کے مطا بق انتظامیہ کی طرف سے اس پر عملدرآمد کی توثیق ضروری ہے۔ خط میں مزید کہاگیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی ہدایت کے مطابق نیشنل سکیو رٹی کو نسل کی قیادت میں امریکی ایجنسیوں کے درمیان ایران کی ریاستی دہشت گردی کے معاملے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے اور جب یہ جائزہ مکمل ہوگا تو ٹرمپ انتظامیہ کانگریس کو تجویز کرے گی کہ ایران کیساتھ پالیسی میں کوئی تبدیلی کی جائے یا نہیں؟۔

مزید : علاقائی