بھکی پاور پلانٹ ،ٹرائل رن کے دوران ہی ٹربائن اڑ گئی ، 700میگاواٹ بجلی سسٹم سے آؤٹ ہو گئی،نجی ٹی وی

بھکی پاور پلانٹ ،ٹرائل رن کے دوران ہی ٹربائن اڑ گئی ، 700میگاواٹ بجلی سسٹم سے ...

لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) اپریل کے مہینے میں ملکی تاریخ کی بد ترین لوڈ شیڈنگ پر شدید عوامی رد عمل سے بوکھلا کر گیس پر چلنے والے بھکی پاور پلانٹ کو‘‘ٹرائل رن’’ کے دوران ہی نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیاجس سے بھکی پاور پلانٹ کی ٹربائن اڑ گئی اور پورا پلانٹ ٹرپ کر گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق آر ایل این جی پر چلنے والے بھکی پاور پلانٹ نے پہلے مرحلے میں 800 میگاواٹ بجلی پیدا کرنا تھی جو تجرباتی بنیادوں پر 700 میگاواٹ پیداکر رہا تھا اسے بجلی کے قومی نظام سے منسلک کرنے سے پہلے تجربے کے مخصوص عمل سے گزارا جانا لازم تھا ، تاہم مسلم لیگ ن کو شدید عوامی ردعمل کے پیش نظر پلانٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کا فیصلہ الٹا پڑ گیا، نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کے بعد پلانٹ کی ٹربائن اڑ گئی اور 700 میگاواٹ بجلی کی پیداوار بھی کئی روز کیلئے سسٹم سے نکل گئی۔ اس حوالے سے قائد اعظم تھرمل پاور لمیٹڈکے چیف ایگزیکٹواحد چیمہ نے تصدیق کی کہ بھکی پاور پلانٹ سے پیداوار بجلی کے قومی نظام میں شامل نہیں ہو سکی تاہم ٹرائل رن کے دوران پلانٹ ٹرپ کرجانا غیرمعمولی بات نہیں ، بھکی پاور پلانٹ کو ایک آدھ روز میں دوبارہ چلا دیا جائیگا۔ لیسکو کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ بھکی پاور پلانٹ کو ٹرائل رن کے دوران نیشنل گرڈ سے منسلک کرنا بہت بڑا ‘‘بلنڈر’’ تھا جس کے نتیجے میں 700 میگاواٹ بجلی کا خسارہ ہوا۔واضح رہے کہ بھکی پاور پلانٹ درآمدی گیس سے چلنے والا پنجاب حکومت کا منصوبہ ہے جو پہلے سے التوا کا شکار ہے ، اس کی تکمیل کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب گزشتہ کئی ماہ کے دوران مختلف اوقات میں مختلف تاریخیں دیتے رہے ہیں۔

ٹربائن

مزید : علاقائی