بھکی پاور پلانٹ 18ماہ میں تعمیر کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا : شہباز شریف

بھکی پاور پلانٹ 18ماہ میں تعمیر کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا : شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے شیخوپورہ میں پنجاب حکومت کے اپنے وسائل سے گیس کی بنیاد پر لگنے والے بھکی پاور پلانٹ کا فتتاح کر دیا ہے۔اس منصوبے سے ابتدائی طو رپر 717میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوئی ہے اور اس منصوبے میں 53ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔18ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل ہونے والے اس منصوبے سے آئندہ 30سالو ں میں 320ارب روپے کی بچت ہوگی۔وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے بھکی گیس پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کی گئی دن رات کی محنت رنگ لا رہی ہے ۔انشاء اللہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے اندھیرے دور ہوں گے۔توانائی منصوبوں پر ہونے والے تیز رفتار کام سے عوام کو یقین آچکاہے کہ ان منصوبوں کے مکمل ہونے سے 2017ء کے آخر تک یا 2018ء کے اوائل میں اجتماعی کاوشوں کی بدولت ملک سے بجلی کا بحران ختم ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف دھرنا گروپ ہے جس کے دھرنوں سے ملک کی معیشت کو بے پناہ نقصان ہوا۔پی ٹی آئی کی بد ترین سازش کے باعث توانائی منصوبوں میں تاخیر ہوئی۔2014ء میں دوست ملک چین کے صدر نے پاکستان کا دورہ کرنا تھالیکن دھرنوں کے باعث یہ دورہ ملتوی ہوا اور اندھیروں میں ہچکولے کھاتی قوم کے 10ماہ ضائع ہوئے۔وزیراعلی نے بھکی گیس پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر وزیراعظم محمد نوازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک عظیم منصوبے کا افتتاحی پروگرام ہی نہیں بلکہ آپ منصوبے کے افتتاح کے ذریعے ملک کے بجلی کے لئے ترسے ہوئے عوام، بجلی نہ ہونے کے باعث اندھیروں میں بھٹکتی قوم کے خوابوں کو پورا کرنے کے تشریف لائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2014ء کے دھرنوں نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی بلکہ ان دھرنوں نے ملک کا دھڑن تختہ کیا ۔15مارچ کے دن وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں وزیراعظم نے کمیٹی کی تمام تر مخالفت کے باوجود گیس کی بنیاد پر 3600میگا واٹ کے بجلی کے منصوبے لگانے کا جرات مندانہ فیصلہ کیا او ریہ منصوبے سی پیک کا حصہ نہیں تھے۔بھکی پاور پلانٹ سے1180میگا وا ٹ، حویلی بہادر شاہ پاو رپلانٹ سے 1200میگا واٹ او ربلوکی پاور پلانٹ سے 1200میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ 9ستمبر 2015ء کو بھکی پاو رپلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا او رآج 19اپریل 2017ء کو 18ماہ کی قلیل مدت میں یہ منصوبہ مکمل ہواہے جو پاکستان کا ہی نہیں بلکہ دنیا کا ریکارڈ ہے ۔انہوں نے کہاکہ غازی بھروتا ڈیم پن بجلی کا منصوبہ 2000میں مکمل ہونا تھا لیکن یہ منصوبہ 2003میں 3سال کی تاخیر سے مکمل ہوا۔ اسی طرح نیلم جہلم پاو رپلانٹ 18سال گزرنے کے باوجود ابھی تک نہ مکمل ہے۔اس منصوبے پر 5ارب ڈالر لگ چکے ہیں او راس قیمت سے گیس کی بنیاد پر 10ہزار میگا واٹ کے منصوبے لگائے جاسکتے تھے۔نندی پور کا منصوبہ 2011ء میں لگنا تھا لیکن جب پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت آئی تو آپ کی قیادت نے نندی پور کی مشینری کو کراچی کے قبرستان سے نکال کر منصوبے کی سائیٹ پر لگایا او راس منصوبے پر 20ارب روپے اضافی لگے۔ نندی پو رپاور پلانٹ کے منصوبے کا تخمینہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں 33ارب لگایا گیا تھا اور یہ منصوبہ بغیر ٹینڈرنگ کے لگایا گیا،اس سے بڑا کوئی او رجرم پاکستان کی تاریخ میں ہو نہیں سکتا۔ وزیراعلی نے کہاکہ عدالت عظمی کے ایک جج نے پانامہ کیس کے دوران ریمارکس دئیے کہ ایسا فیصلہ دیں گے جسے لوگ 20سال یاد رکھیں گے ہمیں عدالت عظمی کا بے حد احترام ہے جو منصوبے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں لگ رہے ہیں آپ نے شفافیت ، محنت، او ربرق رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کا ایسا بینچ مارک بنایادیاہے جسے قوم 40سال تک نہیں بھولے گی۔ ان کے باعث بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی آنی چاہیے تھی بد قسمتی سے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہواہے تو اس کی وجہ دریاؤں میں پانی کی کمی بھی ہے جو ایک قدرتی امر ہے تاہم دوسری جانب ٹرانسمیشن، لائن لاسز او رلوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے بھی ذمہ دار وں کو کٹہرے میں لایا جائے جن کی غفلت کے باعث لوڈشیڈنگ میں اضافہ دیکھنے میں آیاہے۔ وزیراعلی نے کہاکہ میں توانائی منصوبوں میں تعاون پر وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، شاہد خاقان عباسی ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعظم فواد حسن فواد، بینکرز، چیئرمین تھرمل پاور کمپنی عار ف سعید، سی ای او کمپنی احد چیمہ او رپوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔میں پاکستان میں امریکی سفیر اور امریکی قونصل جنرل کے تعاون پر بھی مشکور ہوں ۔ قبل ازیں قائداعظم تھرمل پاو رکمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احدچیمہ نے منصوبے کے بارے میں اہم خدوخال پر روشنی ڈالی ۔ صدر جنرل الیکٹرک پاور کمپنی محمد علی او رکمپنی کے دیگر حکام نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف ، شاہد خاقان عباسی ، صوبائی وزراء ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، پاکستان میں چین کے سفیر ، منصوبے پر کام کرنے والی کمپنیوں کے اعلی حکام ، ٹی وی اینکرز ، صحافیوں او رمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول