گرمی کی حدت میں اضافہ‘ محکمہ تعلیم پنجاب کا گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)محکمہ تعلیم پنجاب نے گرمی کی حدت میں اضافے کے پیش نظر صوبہ بھر میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کردیا۔سرکاری اسکول 23مئی سے 13 اگست تک بند ہوں گے جبکہ پرائیویٹ سکول مالکان کا سرکاری حکم ماننے سے انکار کرتے ہوئے 23مئی کی بجائے یکم رمضان المبارک کو چھٹیاں دینے پر غور شروع کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم پنجاب نے گرمیوں کی حدت میں اضافے کے پیش نظر صوبہ بھر میں قبل از وقت گرمیوں کی چھٹیوں کا ا علان کر دیا جس کے مطابق سرکاری سکول 23مئی سے 13 اگست تک بند رہیں گے۔ واضح رہے کہ چھٹیوں کا قبل از وقت فیصلہ گرمی کی حدت میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔13اگست کو چھٹیوں کے اختتام پر سرکاری اسکولوں میں 14 اگست کی تقریبات میں بچے شرکت کریں گے جبکہ سرکاری اسکولوں میں تدریسی عمل 15 اگست سے شروع کیا جائے گا۔دوسری طرف پرائیویٹ سکول مالکان نے حکومت پنجاب کی طرف سے تعلیمی اداروں میں قبل از وقت چھٹیوں کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے 23مئی کی بجائے یکم رمضان المبارک کو چھٹیاں دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔آل پاکستان پرائیویٹ سکول فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری تنظیم کا اجلاس 15مئی کو ہو گا جس میں پرائیویٹ سکولوں میں تعطیلات کا اعلان کر دیا جائے گا ۔