دفاع پاکستان کونسل کا کشمیریوں پر ظلم کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

دفاع پاکستان کونسل کا کشمیریوں پر ظلم کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

لاہور( خصوصی رپورٹ)دفاع پاکستان کونسل نے ملک گیر نظریہ پاکستان مہم اور کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے حوالہ سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بڑے پروگراموں کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کیخلاف ممنوعہ ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔بی جے پی سرکارکی ریاستی دہشت گردی دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔ حکومت پاکستان ہندوستانی جارحیت پر خاموشی اختیا رنہ کرے۔ دنیا بھر میں اپنے سفارتخانوں کو متحرک کر کے انڈیا کے دہشت گردانہ کردار کو بے نقاب کیا جائے ۔تحفظ نظریہ پاکستان کی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی۔حافظ محمد سعید و دیگر رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے۔ دشمن قوتیں اپنے مذموم ایجنڈوں کی تکمیل کیلئے انہیں نظربند دیکھنا چاہتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کی سٹیئرنگ کمیٹی کے نگران لیاقت بلوچ، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی،مولانا فضل الرحمن خلیل، قاری یعقوب شیخ اور مولانا عبدالرؤف فاروقی نے مرکز خالد بن ولید اسلام آباد میں سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس مو قع پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کے قتل عام کیخلاف چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں بھرپور آواز بلند کی جائے گی اور اس سلسلہ میں پہلے مرحلہ میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں بڑے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام 7مئی کو کراچی میں بڑا سیمینار ہو گا جس کی میزبانی جماعت اسلامی کرے گی۔ 14مئی کو لاہور میں ہونے والے پروگرام کی میزبان جماعۃالدعوۃ ہو گی جبکہ 11جون کو اسلام آباد میں انصار الامۃ کی میزبانی میں ایک بڑے سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کے قائدین کا کہنا تھا کہ دشمن قوتیں پاکستان کا گھیراؤ کر رہی ہیں۔ان کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے اورحافظ محمد سعید جیسے محب وطن رہنماؤں کی فی الفور رہائی کی ضرورت ہے۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...