حکومت ایپکا کا چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پورا کرئے،احمدخان

حکومت ایپکا کا چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پورا کرئے،احمدخان

اٹک کامرہ کینٹ(نمائندہ پاکستان)صدر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ضلع اٹک احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو ملازمین کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے ایپکا کی طرف سے پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ کو ہر صورت پورا کرنا ہوگاورنہ ملک بھر کے ملازمین اپنے حقوق کو حاصل کرنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایپکا اٹک کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینئر نائب صدر سراج الدین بیگ، سیکریٹری جنرل محمد طفیل ، ڈپٹی سیکریٹری جنرل سہیل اعوان، جمیل شاہ ، کے علاوہ ایپکا کے دیگر عہدیداران کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ احمد خان نے کہا کہ پوری دنیا میں انشورنس پالیسی میچور ہونے کے بعد کلائینٹ کو واپس کی جاتی ہے جبکہ گروپ انشورنس کی مد میں ہر ماہ کروڑوں روپے حکومت کے خزانے میں جمع ہوتے ہیں جن کا کوئی حساب کتاب نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انشورنس کی رقم حاصل کرنے کے لیے ملازم کامرجانا ضروری ہے جو کہ ارباب اختیار کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس کی ملازمین کو واپسی کی منظوری دے دی ہے اس لیے اب حکومت پنجاب کو بھی اس ضمن میں نوٹفیکشن جاری کرنا ہوگا۔انہوں نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کنٹریکٹ اور عارضی ملازمین کی فوری مستقلی ، ایڈھاک الاؤنس 2010کی بنیادی پے سکیل میں ضم کرنا ، کفن دفن اور میرج گرانٹ میں سکیلوں کی تفریق کا خاتمہ اورمہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ شامل ہے۔ احمد خان نے کہا کہ اگر حکومت نے ملازمین کو درپیش مسائل اور مشکلات کا ازالہ کرتے ہوئے آنے والے بجٹ میں اقدامات نہ کیے تو ملازمین میں پھیلنے والی بے چینی حکومتی ایوانوں میں زلزلہ برپا کردے گی جس کا سدباب ناممکن ہوگا۔

 

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر