ملکی تاریخ کا سب سے بڑا عدالتی فیصلہ ،عوام کو بے چینی سے انتظار
کراچی (اکنامک رپورٹر) ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عدالتی فیصلے ’’پانامہ کیس ‘‘کا فیصلہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کیس کے فیصلے کے بعد دوسرے نمبر پر پورے ملک میں انتہائی اہمیت اختیار کرگیا ہے، نہ صرف اس فیصلہ کا ہر کوئی بے چینی سے انتظار کررہا ہے بلکہ یہ فیصلہ پاکستان میں سب سے زیادہ اس لیے دیکھا جائے گا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور ٹی وی چینلز اتنی تعداد میں نہیں تھے جتنے کے اب ہیں۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ کراچی کی مارکیٹوں میں بدھ کو سناٹے کا راج رہا ، یہ تاریخی فیصلہ جو کہ اس کے بارے میں سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس کے ملکی تاریخ پر گہرے اثرات فیصلہ آنے کے بعد نظر آئیں گے۔ لیکن عوامی حلقوں کی رائے یہ ہے کہ جو بھی فیصلہ آئے وہ ملک اور عوام کی بہتری کیلئے آئے۔ جبکہ وکلاء برادری کا کہنا ہے کہ کمیشن بنادیا جائے گا جوکہ بعد میں طے کرتا رہے گا کہ پانامہ کا مستقبل کیا ہے۔