مہمند ایجنسی ،مہمند سیاسی اتحاد کا غلنئی میں مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ

مہمند ایجنسی ،مہمند سیاسی اتحاد کا غلنئی میں مطالبات کے حق میں احتجاجی ...

مہمند ایجنسی( نمائندہ پاکستان)مہمند سیاسی اتحاد کا غلنئی میں موبائل سروس بحال کرنے اور نحقی مامد گٹ روڈ کی تعمیر کے لئے اختجاجی مظاہرہ۔ موبائل نیٹ ورک بندش سے علاقے میں رہنے والے لوگوں کا ساری دنیا سے رابطہ منقطع ہے جبکہ دو سال سے مامد گٹ روڈ اکھاڑنے کی وجہ سے مہمند، باجوڑ، دیر اور چترال کے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ مین پشاور روڈ پر مظاہرین سے مقررین کا خطاب۔ تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی میں بدھ کے روز ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر غلنئی بازار میں مہمند سیاسی اتحاد کے زیر سایہ موبائل نیٹ ورک کی بندش اور تحصیل صافی میں روڈ کی تعمیراتی کام میں تاخیر کے خلاف اختجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں سیاسی پارٹی کے رہنماؤں اورورکروں نے شرکت کی۔ اختجاج کے دوران باجوڑ پشاور روڈ کو بند رکھا گیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مہمند سیاسی اتحاد کے صدر محمد سعید خان، جنرل سیکرٹری ساجد خان مہمند، جے یو آئی مہمند ایجنسی کے امیر مولانامحمد عارف حقانی، اے این پی کے جنرل سیکرٹری حضرت خان ، حاجی رسول خان ، مہمند ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر میر افضل مہمند ، پی ٹی آئی رہنماؤں قاری رحیم شاہ ، سجاد مہمند اور دیگر نے کہا کہ مہمند ایجنسی میں ایک ماہ سے موبائل سروس کی مسلسل بندش سے علاقے کا رابطہ ساری دنیا سے منقطع ہوکر رہ گیا ہے ۔لوگوں کو اپنے گھروں اور رشتہ داروں سے رابطہ کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ محنت مزدوری کی عرض سے بیرون ملک مقیم افراد کے اہلخانہ کو ٹیلی فون کے لئے شبقدر اور پشاور جانا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروبار اور تجارتی سرگرمیاں بھی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ مقررین نے کہا کہ نحقی سے مامد گٹ تک چند کلومیٹر روڈ تعمیر نو کے نام پر اکھاڑ کر نیا بھی نہیں بنایا جاسکا ہے اور پرانے روڈ سے بھی محروم کردیاگیا ہے۔ جس سے روزانہ مہمند ایجنسی ، باجوڑ ایجنسی، دیر اور چترال کے ہزاروں مسافروں کو سخت مشکلات اور وقت کے ضیاع کا سامنا ہے۔ کھنڈر روڈ پر سفر کرنے سے ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا ماہنہ لاکھوں روپے نقصان ہو جاتا ہے۔ انہوں نے عوام کی بنیادی مسائل کی حل میں عدم دلچسپی کے برتاؤ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پولیٹیکل انتظامیہ پر تنقید کی اور کہا کہ گرمی کی آمد کے ساتھ بجلی غائب اور سرکاری دفاتر اور کالونی میں پینے کا پانی بھی ناپید ہو چکا ہے۔ مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے موبائل سروس بحال کرنے اور مامد گٹ روڈ پر تعمیراتی کام فوری شروع کرنے کا مطالبہ کیا اوراصلاح نہ ہونے کی صورت میں یکم مئی سے تمام تحصیلوں میں اختجاجی مظاہرے شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...