سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد، وزیراعظم کو اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہئے، آج جمہوریت اور انصاف کو نقصان ہوا، پاکستانی عوام کو دھوکہ دیا اور بیوقوف بنایا گیا ہے: آصف علی زرداری

سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد، وزیراعظم کو اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہئے، ...
سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد، وزیراعظم کو اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہئے، آج جمہوریت اور انصاف کو نقصان ہوا، پاکستانی عوام کو دھوکہ دیا اور بیوقوف بنایا گیا ہے: آصف علی زرداری

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق صدر آصف علی زرداری نے پانامہ لیکس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سے اخلاقی طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرم آنی چاہئے، کس بات کی مٹھائی کھا رہے ہیں؟ اس بات کی کہ آپ صادق اور امین نہیں رہے، عمران خان نے اپنی سیاست اور شہرت بچانے کیلئے ایک ڈرامہ کیا جس کا وزیراعظم نواز شریف کو فائدہ پہنچا ہے،  آج پاکستانی عوام کو دھوکہ دیا گیا اور انہیں بیوقوف بنا کر سخت مذاق کیا گیا ہے، پوری دنیا کو پتہ چل گیا ہے کہ میاں صاحب شریف نہیں ہیں۔

نواز شریف وزیراعظم رہیں گے، سپریم کورٹ کا پاناما کیس کی تحقیقات کیلئے 6 رکنی جے آئی ٹی بنانے، وزیراعظم ، حسن نواز اور حسین نواز کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ جو نہ کر سکی وہ کیا وزیراعظم کے ماتحت 19 گریڈ کے افسر کریں گے؟ کیا وہ تحقیقات کریں گے اور وزیراعظم کو نااہل قرار دیں گے یا ان کا بیان لیں گے؟ وزیراعظم کا بیان وزیراعظم ہاﺅس میں لیں گے یا تھانے میں بلا کر لیا جائے گا ؟ اس بات کا فیصلہ عوام اور قوم نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر آدمی یہ کہہ رہا ہے کہ گلی گلی میں شور ہے نواز شریف چور ہے ، آج پوری دنیا کو پتہ چل گیا ہے کہ میاں صاحب شریف نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اخلاقی طور پر استعفیٰ دیدینا چاہئے،کس بات کی مٹھائی کھائی جا رہی ہے، اس بات کی کہ آپ صادق اور امین نہیں رہے؟۔ انہوں نے کہا کہ اس قوم کو کبھی بھی ججز سے انصاف نہیں ملا، عمران خان سے کہا تھا کہ ہمارے ساتھ آئیں اور ہمارے ساتھ چلیں، قانون سازی کریں گے اور پھر سپریم کورٹ جائیں گے لیکن انہوں نے ہماری بات نہ مانی، وہ ناتجربہ کار سیاستدان ہیں اور انہیں یہ معلوم نہیں کہ جج یہاں کیسے انصاف کا نظام چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نواز شریف کے ہاتھوں میں محفوظ نہیں ہے تو یہ عمران خان کے ہاتھوں میں بھی محفوظ نہیں ہے۔

ابھی مٹھائی بانٹ رہے ہیں کچھ دیر بعد شام غریباں ہوگی،شیخ رشیدکا پانامہ فیصلے پر پہلا ردعمل

آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان نے انہیں اپنی شہرت اور سالمیت بچانے کیلئے ایک ڈرامہ کیا جس سے نواز شریف کو فائدہ ہوا۔ پاکستان پیپلز پارٹی دوبارہ کہتی ہے کہ آج جمہوریت کو نقصان ہوا ہے اور انصاف کو نقصان ہوا ہے، جو نہیں ہونا چاہئے تھا ،  میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی عوام کو دھوکہ دیا گیا ہے اور انہیں بیوقوف بنا کر سخت مذاق کیا گیا ہے۔

مزید : قومی /اہم خبریں