عمران نیازی پارٹی ایم پی ایز کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک پر عائد کرپشن کے الزامات کا حساب دے:سعید غنی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران نیازی فنکاری نہ دکھائے خیبرپختونخوا کے ایم پی ایز کی طرف سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک پر عائد کرپشن کے الزامات کا حساب دے، عمران نیازی تضادات کا شکار ہیں،ایک طرف وہ نواز شریف کی نااہلی پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں دوسری طرف اپنی اے ٹی ایم مشین جہانگیر ترین کے بارے عدالت کا فیصلہ ماننے سے انکار کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعید غنی نے کہا کہ بلین ٹری سے لے کر تفریحی مقامات پر قبضہ نیازی سروس کے کرپشن کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے خود سینیٹ نشست کی بولی 40کروڑروپے لگائی تھی، قو م کو اس سوال کا جواب دیں کہ انہوں نے سینیٹ کی نشست کتنے میں بیچی؟۔ سعید غنی نے کہا کہ قوم عمران کے ذریعہ آمدنی سے بھی لاعلم ہیں اور حیران ہیں کہ عمران سیسلین مافیا کے طرز پر شاہانہ زندگی کیسے بسر کر رہے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اپنی کرپشن کو چھپانے کے لئے سارا ملبہ اپنی پارٹی کے ایم پی ایز پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔