پاک امریکہ تعلقات میں تناو، ایلس ویلز پیر کو اسلام آباد پہنچیں گی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور امریکہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر بات چیت کیلئے امریکی قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایلس ویلز پیر کو اسلام آباد پہنچیں گی۔
نجی چینل ”دنیا نیوز“کے مطابق امریکی قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایلس ویلز پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں نئی امریکی پابندیوں اور اسلام آباد میں امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے پاکستانی نوجوان کی ہلاکت کے حوالے سے بات چیت کریں گی۔
خیال رہے ایلس ویلز کا دورہ پہلے سے شیڈول نہیں ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے پاکستانی سفارتی عملے پر یکم مئی سے نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ پابندیوں کے بعد پاکستانی سفارتکاروں اور عملے کو سفارتخانے کے چالیس کلومیٹر کے دائرے سے باہر سفر کیلئے امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے پیشگی اجازت لینا ہو گی۔