مشکل وقت میں مشکل فیصلے کرنا مضبوط قیادت کی خوبی ہوتی ہے،مریم اورنگزیب کے لہجے اور گفتگو سے ان کی تربیت کا عکس جھلکتا ہے: عمر سرفراز چیمہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں مشکل فیصلے کرنا مضبوط قیادت کی خوبی ہوتی ہے، مریم اورنگزیب کے لہجے اور گفتگو سے ان کی تربیت کا عکس جھلکتا ہے، شریفوں کی خدمت گزاری ان کا نصب العین ہے،مریم اورنگزیب حوصلہ رکھیں اور کوئی اور پارٹی جائن کرلیں،(ن) لیگ کا دور اب کبھی نہیں آئے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کے لہجے اور گفتگو سے ان کی تربیت کا عکس جھلکتا ہے، جمہوریت کے آداب ایک طرف محترمہ گفتگو کے آداب سے بھی واقف نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریفوں کی خدمت گزاری ان کا نصب العین ہے۔انہوں نے کہاکہ (ن)لیگی ملکی تاریخ میں سب سے بڑے جھوٹے ہیں،مصنوعی معیشت، مصنوعی حکومت، (ن) لیگ سراپا دھوکہ ر ہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مریم اورنگزیب حوصلہ رکھیں اور کوئی اور پارٹی جائن کرلیں کیونکہ (ن) لیگ کا دور اب کبھی نہیں آئے گا۔عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں مشکل فیصلے کرنا مضبوط قیادت کی خوبی ہوتی ہے،منزل کے حصول اور بہتر نتائج کے لئے کابینہ میں تبدیلی مثبت ثابت ہو گی ،ہماری جدوجہد کا مقصد عوامی مسائل کا حل اور کرپٹ نظام سے چھٹکارہ ہے ،عمران خان کی مخلص اور محب وطن قیادت ہی ملک کو بچائے گی۔