ایس ایس پی آپریشن سے صدر کے تاجر تنظیموں کے رہنماؤں کی ملاقات

ایس ایس پی آپریشن سے صدر کے تاجر تنظیموں کے رہنماؤں کی ملاقات

پشاور (کرائمز رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے، تاجر برادری کے ساتھ ساتھ خریداروں کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کے تحت مختلف بازاروں کو اضافی افرادی قوت فراہم کر دی گئی ہے، تاجروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکار تعینات کر دئیے گئے ہیں،شہر کے مصروف ترین بازاروں میں امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھنے کی خاطر نئی حکمت عملی اپنائی گئی ہے جس سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملی ہے، منشیات کے خلاف جاری جہاد میں تاجروں کا کردار لائق تحسین ہے،رمضان کے لئے شہر کے تمام بازاروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، ان خیالا ت کا اظہا ر ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے پشاور کینٹ کے تاجر برادری کیساتھ میٹنگ کے دوران کیاتفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پشاو ر کینٹ میں صدر بازار کے تاجر رہنماوں سے خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا ،اس موقع پر تاجر تنظیم کے صدر شاہد غفور، جنرل سیکریٹری حسنین شیراز سمیت دیگر تاجروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر حیات آباد آپریشن میں شہیدہونے والے قمر عالم شہید کے لئے خصوصی دعا کی گئی، ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے شرکاء سے خطاب کے دوران واضح کیا کہ پشاور پولیس عوام اور تاجروں کے جان و مال کی تحفظ سے غافل نہیں ، انہوں نے مزید کہاکہ عوام کی جان و مال کی خاطر پشاور پولیس تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے جس کے تحت شہر کے مصروف ترین بازاروں کو اضافی نفری فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں جس سے شہر میں مشکوک اور مشتبہ افراد پر نظر رکھنے میں مدد ملی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر غیر روایتی طریقوں کو بروئے کار لایا جا رہا ہے جس کے دور رس نتائج سامنے آ رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ بی آر ٹی پراجیکٹ کی وجہ سے شہریوں اور تاجروں کو شدید مسائل کا سامنا تھا جس کی خاطر ٹریفک پولیس کو اضافی افرادی قوت فراہم کی گئی ہے جس سے شہر میں ٹریفک مسائل میں کمی دیکھنے میں آئی ہے اس موقع پر میٹنگ میں شامل تاجر رہنماوں نے شہر میں پولیس کی جانب سے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ ٹریفک مسائل پر قابو پانے کی خاطر کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیاجبکہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور امن و امان کے قیام میں پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ ساتھ منشیات کی روک تھام میں بھی اپنا کردار بخوبی ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا

مزید : پشاورصفحہ آخر