پنجا ب کابینہ ، لوکل گورنمنٹ اور واٹر ایکٹ سمیت 34نکاتی ایجنڈ منظور ، رمضان میں زیادہ سے زیادہ سبسڈی دینے ساؤتھ پنجاب فارسیٹ کمپنی بند کرنے کا فیصلہ

پنجا ب کابینہ ، لوکل گورنمنٹ اور واٹر ایکٹ سمیت 34نکاتی ایجنڈ منظور ، رمضان ...

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب کابینہ نے لوکل گورنمنٹ اور واٹر ایکٹ سمیت34نکاتی ایجنڈے کی منظور ی دے دی۔واٹرایکٹ 2019ء کے تحت واٹر ریسورسز کمیشن قائم کیا جائے گا جس کے چےئرمین وزیراعلیٰ ہوں گے۔واٹر ریسورسز کمیشن پانی کے حصول کیلئے لائسنس کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں حالیہ بارشوں میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے سروے کا حکم دیا اوراسی سروے رپورٹ کی روشنی میں مالی امداد کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پنجاب وٹنس پروٹیکشن ایکٹ2018 کی منظوری دی گئی۔ایکٹ کے تحت وٹنس پروٹیکشن بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے لئے گورنمنٹ گارنٹی اور ڈیٹ اتھارٹی کی مد میں10ارب روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی۔پنجاب الیکٹرانک سٹامپ پیپرز رولز 2016میں ترمیم کی منظوری دی۔پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس کے بارے میںآڈیٹر جنرل آف پاکستان کی سپیشل آڈٹ رپورٹس2016-17 کو کابینہ میں پیش کیا گیا۔پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد رپورٹس کو پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کو تحصیل کوہ سلیمان کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی۔غازی میڈیکل کالج ڈیرہ غازی خان میں راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے طلبہ کے لئے 5نشستیں مخصوص کرنے کااورساؤتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ2012 کے تحت ریڈویسڈ ریٹس سکیم کی اورپارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آبادکیلئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین کی تقرری کی منظوری دی گئی۔پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے پا پولیشن ویلفیئر پروگرام پنجاب 2017-20کے لئے فنانسنگ کی منظوری دی گئی،شعبہ صحت اور شعبہ پاپولیشن ویلفیئر کے ڈیوالڈ ورٹیکل پروگرامزکے لئے فنڈز کی منظوری دی گئی،ڈینگی کے فوری تدارک کیلئے ریگولیٹری اقدامات کے تحت ٹمپریری ریگولیشنز 2019 کی منظوری دی گئی،پنجاب اینیمل ہیلتھ بل2019 ء کی منظوری دی گئی، گرانٹ کی شرح میں اضافے اور ماہانہ گرانٹ کی اہلیت کے معیار کے از سر نو تعین کیلئے بناویلنٹ فنڈ رولز میں ترامیم کی منظوری دی گئی،720میگا واٹ کے کیروٹ پاور پراجیکٹ کیلئے اراضی کی منتقلی کی منظوری دی گئی،ایل پی جی کی مارکیٹ ویلیو کے مطابق لیکویڈ پٹرولیم گیس کی رائلٹی کے امور کی منظوری دی گئی،ضلع منڈی بہاؤ الدین کے علاقے رسول میں پنجاپ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی،پنجاب سیلز ٹیکس کے سروسز ایکٹ 2012 کے سیکنڈ شیڈول میں ترمیم میں ترمیم کی منظوری دی گئی،اجلاس میں واٹر ایکٹ 2019 کے مسودے کی منظوری دی گئی۔ایکٹ کے تحت واٹر ریسورسز کمیشن بنے گا جس کے وزیراعلیٰ چیئرمین ہوں گے۔بغیر لائسنس پانی نکالنے پر پابندی ہوگی۔پنجاب کابینہ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کی منظوری دے دی۔پنجاب کابینہ نے پنجاب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ریفارمز ایکٹ 2019 کی بھی منظوری دی گئی،پنجاب کابینہ کے اجلاس میں رمضان پیکیج 2019 کی منظوری دی گئی۔پیکیج کے تحت صوبہ بھر میں 309 رمضان بازار لگائے جائیں گے۔رمضان المبارک میں 2 ہزار کے قریب دسترخوان کا اہتمام کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے زیادہ سے زیادہ سبسڈی دیں گے۔ رمضان المبارک میں ریلیف کیلئے پوری ٹیم متحرک کردار ادا کرے گی۔ اشیائے ضروریہ مارکیٹ کے مقابلے میں رمضان بازاروں میں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔اجلاس میں بینک آف پنجاب کے نئے صدر کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔محکمہ آبپاشی کے انجینئرنگ سٹاف کی تنخواہوں میں اضافے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔تنخواہوں میں اضافے کے کیس کو کابینہ کمیٹی برائے فنانس میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء، مشیران اور معاونین خصو صی تعلیم، صحت اور دیگر اداروں کے دورے کریں۔ عوام کی سہولت کیلئے صحت اور تعلیم کے اداروں کو خوب سے خوب تر بنانا ہے۔ گندم خریداری مہم کیلئے بھی وزراء اور دیگر نمائندے گندم خریداری مراکز کے دورے کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔آئندہ کابینہ کا اجلاس 15 روز بعد ہوگا۔اجلاس میں صوبائی کابینہ کے 7 ویں اجلاس کے منٹس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے فنانس کے چوتھے ، پانچویں اور 6ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔۔جمعہ کو وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے پنجاب کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ اجلاس ہر15روزبعد کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے، کابینہ اجلاس میں پنجاب سیلز ٹیکسکے سروسزایکٹ میں کچھ تبدیلی کی گئی ہے،کابینہ اجلاس میں صحت،پاپولیشن ویلفیئر، صحت، انسداد ڈینگی،پروگرامزکی منظوری دی گئی ہے،پنجاب اینیمل ہیلتھ بل کی منظوری دی گئی ہے، عام آدمی کے لیے رمضان میں ریلیف نظرآئیگا،کابینہ اجلاس میں رمضان پیکیج کی بھی منظوری دی گئی ہے،کابینہ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ2019 کی منظوری دیدی ہے،محکمہ آبپاشی کے انجینئرز کی تنخواہوں میں اضافے کافیصلہ کیاگیاہے،پنجاب کابینہ نے صاف پانی منصوبے کی بھی منظوری دی ہے، وزیر اعظم کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ فیصلے کر رہے ہیں،پنجاب کابینہ میں ردوبدل سے متعلق ابھی کوئی بات نہیں کی گئی، وزراء کی کارکردگی سے متعلق وزیر اعلیٰ کو آگاہی دی جاتی ہے، وزیر اعلیٰ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق فیصلوں کے مجاز ہیں۔۔دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سنٹرل جیل کے دورے کے موقع پر ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر،خواتین قیدیوں کے ڈائننگ ہال ، قیدیوں کے آن لائن ڈیٹا سسٹم اور اینٹی گریٹڈسکیورٹی سسٹم کا افتتاح کرتے ہوئے قیدیوں کی سزا میں بھی 2ماہ کمی کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ کو آن لائن ڈیٹا سسٹم کے افتتاح کے بعد کنٹرول روم میں نئے سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قیدیوں کے آن لائن ڈیٹا سسٹم کو دیگر جیلوں میں بھی متعار ف کرایاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے شجرکاری مہم کے تحت جیل میں پودا بھی لگایااور مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔وزیراعلیٰ نے جیل کے کچن کا معائنہ کیا اور قیدیوں کیلئے تیار کیا جانے والا کھانا خود بھی کھاکر معیار چیک کیا۔ وزیراعلیٰ نے خواتین قیدیوں میں تحائف تقسیم کرنے کیساتھ ساتھ بچوں کیلئے ڈے کیئر سنٹر کا بھی دورہ کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب بغیر اطلاع اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے دفتر پہنچ گئے ،جہاں افسران اور سٹاف کی حاضری چیک کی۔اس موقع پر اوورسیز پاکستانیز کمیشن کو بیرون ملک مقیم شہریوں کے مسائل جلدحل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارے لئے قابل احترام ہیں لہٰذا اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کا جلد سے جلد ازالہ کیا جائے گا۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے بدین میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

مزید : صفحہ اول