حکومت کا مہلک بیماریوں میں مبتلا مستحق افراد کیلئے نواز شریف دور کا ’’وزیر اعظم پروگرام‘‘ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

حکومت کا مہلک بیماریوں میں مبتلا مستحق افراد کیلئے نواز شریف دور کا ’’وزیر ...

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی حکومت نے مہلک بیماریوں میں مبتلا مستحق افراد کے علاج کیلئے نوازشریف دور حکومت میں شروع کئے گئے وزیراعظم ہیلتھ پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کو وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے آگاہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے یہ پروگرام بیت المال کے ذریعے چلایا جائے ،بیت المال اس حوالے سے قواعد و ضوابط بنائے تاکہ براہ راست فنڈز بیت المال کو جائیں،یہ پروگرام سابقہ حکومت نے اچھی نیت سے شروع کیا تھا،ہم اس کو سراہتے ہیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس چیئرمین مجاہد علی کے زیر صدارت منعقد ہوا،اجلاس کے دوران مہلک امراض کے علاج کیلئے سابقہ دور حکومت میں شروع کئے گئے وزیراعظم پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزارت پارلیمانی امور نے کمیٹی کو بتایا کہ یہ پروگرام 2016ء میں شروع کیاگیا تھا جس سے 852مریضوں کا علاج کیا گیا جس پر ایک ارب 87کروڑ روپے کے اخراجات آئے ، نگران حکومت کے دور میں اس پروگرام کو بند کر دیا گیا ،31مئی 2018ء کے بعد اس پروگرام کیلئے کوئی پیسے جاری نہیں کئے گئے ،یہ ریگولر پروگرام نہیں تھا بلکہ وزیراعظم کے احکامات پر شروع ہوا تھا،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کمیٹی کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے یہ پروگرام بیت المال کے ذریعے چلایا جائے ،بیت المال اس حوالے سے رولز اینڈ ریگولیشن بنائے تاکہ براہ راست فنڈز بیت المال کو جائیں۔رکن کمیٹی عبد الرحمان کانجو نے کہا یہ پروگرام دوبار شروع ہونا چاہئے ،نگران حکومت کے دورسے یہ بند ہے ،وزیر پارلیمانی علی محمد خان نے کہا کہ جب تک میں وزیر ہوں یہ پروگرام سرد خانے میں نہیں جائے گا،یہ پروگرام سابقہ حکومت نے اچھی نیت سے شروع کیا تھا،ہم اس کو سراہتے ہیں ،ان کا ارادہ اچھا تھا اور اسی ارادے کو میں بھی جاری رکھنا چاہتا ہوں۔علی محمد خان نے کہاکہ اسمبلی میں وزیراعظم کے ایک گھنٹہ سوالوں کے جواب دینے سے متعلق رولز میں ترامیم کیلئے قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط کی ذیلی کمیٹی بنادی گئی ہے ،امید ہے کہ مہینے کے اندر وزیراعظم اسمبلی میں سوالوں کے جوابات دیں گے ۔اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن حکام کی جانب سے سابقہ فاٹا کی خیبر پختونخوا اسمبلی کیلئے نشستوں پر انتخابات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم پروگرام

مزید : صفحہ اول