پنجاب حکومت نے ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کو واجب الادا رقوم کی ادائیگی شروع کر دی

پنجاب حکومت نے ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کو واجب الادا رقوم کی ادائیگی شروع کر دی

لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت کی طرف سے ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کو واجب الادا رقوم کی مد میں 6کروڑ 80 لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی گئی۔صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے ڈی جی پی آر آفس میں ادا کی جانے والی رقم کی تفصیلات اے پی این ایس اور پی بی اے کے نمائندوں ممتاز طاہر، نوید کاشف اور جمیل اطہر قاضی کے حوالے کیں۔ اس موقع پر مذکورہ تنظیموں کے دیگر عہدیداران و نمائندوں کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ڈاکٹر محمد اسلم ڈوگر بھی موجود تھے۔نائب صدر اے پی این ایس ممتاز طاہراور پی بی اے کے نمائندے نوید کاشف نے واجبات کی ادائیگی پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیرنے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت کے ذمہ واجب الادا تمام رقوم بہت جلد کلیئر کر دی جائیں گی۔ اس ادائیگی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں اس مد میں بہت جلد مزید ادائیگیاں کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لئے جن صوبائی محکموں کے ذمے ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کی رقوم واجب الادا ہیں ان کے سیکرٹریز حضرات کو فوری ادائیگی کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب دیگر صوبوں سے زیادہ بہتر انداز میں اشتہارات کی مد میں ادائیگیاں کر رہا ہے۔ اس موقع پر نائب صدر اے پی این ایس ممتاز طاہر نے صوبائی وزیراطلاعات کی واجبات کی ادائیگی کیلئے کی گئی کوششوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور دوسرے صوبوں کو بھی پنجاب حکومت کی ادائیگی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنے واجبات جلد کلیئر کرنے چاہئیں۔

رقوم کی ادائیگی

مزید : صفحہ اول