بھارتیہ جنتا پارٹی سے مذاکرات کا بیان عمران خان کی ریورس سوئنگ ،مودی

بھارتیہ جنتا پارٹی سے مذاکرات کا بیان عمران خان کی ریورس سوئنگ ،مودی

نئی دہلی (آئی این پی،آن لائن)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستانی ہم منصب عمران خان کے بیان کو بھارتی انتخابات کو متاثر کرنے کیلئے ریورس سوئنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریورس سوئنگ پر ہیلی کاپٹر شاٹ لگانا بھارتی عوام جانتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو میں کیا۔نریندر مودی نے کہا کہ بالاکوٹ اور سرجیکل سٹرائیک جیسے فیصلے مشاورت کے بعد کئے اور جنہیں بالاکوٹ حملے میں ہلاکتوں پر شک ہے ،انہیں عوام جواب دیں گے۔بھارتی وزیراعظم نے پاکستانی ہم منصب کے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی)سے مذاکرات سے متعلق بیان کو ریورس سوئنگ قرار دیا اور کہاکہ بھولنا نہیں چاہئے پاکستانی انتخابات میں مودی کا نام کس طرح استعمال کیا گیا۔ان کا مزید کہناتھاکہ عمران خان ایک کرکٹرہیں،ان کا حالیہ بیان بھارتی انتخابات کومتاثر کرنے کیلئے ریورس سوئنگ ہے۔علاوہ ازیں گجرات میں عوامی ریلی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ہرزہ سرا ئی کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا ایکسپورٹر ملک ہے،جو بار بار نیوکلیائی ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکیاں دیتا آ رہا ہے مگرہم کبھی بھی پاکستان کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوئے۔

نریندرمودی

مزید : صفحہ اول