پنجاب میں بارشوں سے پونے 7لاکھ ایکڑ فصلیں متاثر ، 8ارب کی صرف گندم تباہ

پنجاب میں بارشوں سے پونے 7لاکھ ایکڑ فصلیں متاثر ، 8ارب کی صرف گندم تباہ

لاہور (آئی این پی ) پنجاب میں بارشوں سے پونے 7لاکھ ایکڑ پر کاشت فصلیں متاثر ہوئیں ، بارشوں سے 5 لاکھ 65 ہزار ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل تباہ ہوگئی،جھنگ،خانیوال،ڈی جی خان اور چکوال میں گندم کی فصل سو فیصد متاثر ہوئی،کل پانچ ہزار دو سو بائیس دیہاتوں میں مقیم کاشکاروں کی فصلیں متاثر ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق بارشوں سے تباہ ہونے والی فصلوں سے متعلق محکمہ زراعت پنجاب نے رپورٹ تیار کر لی ہے جس میں بتایا گیاہے کہ حالیہ بارشوں سے مجموعی طور پر 6لاکھ63ہزار1سو92 ایکڑ پرکاشت کی گئی مختلف فصلیں متاثر ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشوں اور ژالہ باری نے سب سے زیادہ گندم کی فصل کو متاثر کیا۔ بارشوں سے 5 لاکھ 65 ہزار ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل تباہ ہوگئی۔ گندم کی فصل کی تباہی سے کاشتکاروں کو آٹھ ارب روپے کا نقصان ہوا۔رپورٹ میں کہا گیاہے کہ3 ہزار 1سو 23 دیہات ایسے ہیں جہاں گندم کی فصل تباہ ہوگئی ہے۔ 14 ہزار 9 سو 82 ایکڑ رقبہ ایسا ہے جہاں سو فیصد گندم کی فصل تباہ ہوئی۔ گندم کی فصل کا 11ہزار 5 سو 18 ایکڑ رقبہ پچھتر فیصد متاثر ہوا ہے ۔ ایک لاکھ 77 ہزار 55 ایکڑ رقبہ پر گندم کی فصل پچاس فیصد متاثر ہوئی ہے۔ گندم کی فصل کا 3لاکھ 62ہزار 3سو 36 ایکڑ رقبہ پچیس فیصد متاثر ہوا ہے ۔رپورٹ کے مطابق جھنگ،خانیوال،ڈی جی خان اور چکوال میں گندم کی فصل سو فیصد متاثر ہوئی۔ ڈویژن کی سطح پر فیصل آباد میں سب سے زیادہ گندم کی فصل کو نقصان پہنچا۔ فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی فصل سب سے زیادہ کاشت ہوتی ہے۔رپورٹ کے مطابق بارشوں سے مکئی،کپاس،گنا،باجرہ،چارہ اور سٹابری کو بھی نقصان پہنچاہے۔ سورج مکھی،کینولہ،تمباکو، اسپغول اور سبزیاں بھی حالیہ بارشوں اور ژالہ باری سے متاثر ہوئی ہیں۔محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کل پانچ ہزار دو سو بائیس دیہاتوں میں مقیم کاشکاروں کی فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔

مزید : صفحہ اول