ملک بچانے کیلئے حکومت کو گھر بھیجنا ہو گا،غلام احمد

ملک بچانے کیلئے حکومت کو گھر بھیجنا ہو گا،غلام احمد

پشاور(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ تبدیلی کی دیوار سے کئی اینٹیں سرک چکی ہیں، چند چہرے بدلنے سے تباہ حال صورتحال بہتر نہیں ہو گی ،ملک بچانے کیلئے حکومت کو گھر بھیجنا ہو گا، بقول عمران خان اسد عمر پی ٹی آئی کا دماغ ہیں لہٰذا اب ان کے جانے کے بعد پی ٹی آئی دماغ سے بھی فارغ ہو گئی ہے، اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے تاریخی دن ہے آج کے دن اے این پی نے پختونوں کیلئے شناخت حاصل کی اور انہیں دنیا میں ایک پہچان اور مقام دلایا ، حاجی غلام احمد بلور نے موجودہ سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا تبدیلی کے نام پر ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کے بعد کپتان کو پتہ چلا کہ ان کی پوری ٹیم نا اہل ہے،انہوں نے کہا کہ8ماہ کے دوران 60فیصد مہنگائی میں اضافہ ہوا ،گیس ،بجلی اور اشئے ضروریہ کی قیمتیں غریب کی دسترس سے دور کر دی گئیں اور اس تمام تر تباہی کا سہرا اسٹیبلشمنٹ کے سر ہے جس نے ملک پر ایسی حکومت مسلط کر دی جو صرف مسائل میں اضافے کا باعث بنی۔حاجی غلام احمد بلور نے مزید کہا کہ آج بھی ہماری قوم کے بچے جگہ جگہ شہید ہو رہے ہیں لیکن افسوس اس کا کوئی مداوا نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ دہشت گردی خاتمے کے سہانے خواب دکھائے گئے لیکن دہشت گردی آج تک ختم نہ ہو سکی ، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہئے اور ملک و قوم کو صومالیہ بننے سے بچانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر غور کرنا چاہئے۔

غلام احمد بلور

مزید : صفحہ آخر