صدقے جاؤں عمران خان پر جنہوں نے قومی لباس کو عزت دی، زرتاج گل
اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہاہے کہ علامہ اقبال نے ہمیں خودی کا فلسفہ دیا،نہ جھکنا ہے نہ بکنا ہے، کرپٹ لوگوں کیلئے یہاں کوئی جگہ نہیں، مجھ جیسے لوگوں کو اپنی ثقافت اجاگر کرنیکی ضرورت ہے۔ جمعہ کولوک ورثہ میوزیم میں قومی ٹیکسٹائل نمائش کا اہتمام کیا گیا اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زر تاج گل نے کہا کہ ٹیکسٹائل نمائش میں ملک بھر سے ہنر مند آئے ہیں انکا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال نے ہمیں خودی کا فلسفہ دیا،نہ جھکنا ہے نہ بکنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقبال ہمیں شاہین کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان سخت اور قوم کے مفاد میں فیصلے کرتے ہیں ،عمران خان کو کوئی جھکا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ لوگوں کیلئے یہاں کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ صدقے جاؤں وزیر اعظم عمران خان پر جس نے سفید شلوار قمیض پہنی اور قومی لباس کو عزت دی۔ انہوں نے کہاکہ مجھ جیسے لوگوں کو اپنی ثقافت اجاگر کرنیکی ضرورت ہے، ہمیں اپنے آباؤ اجداد پر فخر ہے، ہمیں اپنے ثقافتی لباس پر فخر کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے پاکستان، لوگوں اور شناخت پر فخر کرنا سیکھیں۔
زرتاج گل