آفتاب شیر پاؤ کا عید کے بعد پختون قوم پرست جماعتوں سے ملکر حکومت کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان

آفتاب شیر پاؤ کا عید کے بعد پختون قوم پرست جماعتوں سے ملکر حکومت کیخلاف تحریک ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ (بیورو رپورٹ) قومی وطن پارٹی کے چےئرمین آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے واضح اعلان کیا ہے کہ عید کے بعد تمام پختون قوم پرست جماعتوں کو اکٹھا کرکے حکومت کے خلاف ایک بڑی تحریک چلائینگے ۔ سلیکٹیڈ حکومت اور سلیکٹیڈ وزیر اعظم ہر محاذ پر ناکام ہو چکے ہیں۔ جعلی مینڈیٹ کے زریعے ان کو اقتدار دیا گیا ۔ نیب زدہ لوگوں اور لوٹوں کے سہارے قائم حکومت عوام کی خدمت نہیں کر سکتی ۔ نیب بی آرٹی ، مالم جبہ اور بلین ٹری کے کرپشن پر خاموشی توڑ کر کاروائی کا آغاز کریں۔ وہ قومی وطن پارٹی شہید ایم پی اے عالمزیب عمر زئی کے نویں برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی مرکزی رہنماء انیسہ زیب طاہر خیلی ، ارشد خان عمر زئی ، خورشید خان عمر زئی اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ پی ٹی آئی کے ضلع ناظم فہد ریاض اور جماعت اسلامی کے نائب ناظم حاجی مصور شاہ بھی موجود تھے ۔ جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے شہید عالمزیب عمر زئی کے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔وزیراعظم اپنی ناکامی کا ملبہ سابق حکومتوں یا اپنے وزراء پر ڈال رہے ہیں حالانکہ اصل ناکامی عمران خان کی ہے اور وہ قوم پر گزشتہ آٹھ مہینے سے مسلط ، کمر توڑ مہنگائی اور معاشی بد خالی کے سب سے بڑے مجرم ہے۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری عمران خان کیلئے سیاستدانوں کو گالیاں دیکر ان کی بے عزتی کیا کر تا تھا آج ان کو بھی استعمال کرکے پھینکا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا لیکن حالات کا اصل ذمہ دار عمران خان ہے یہی وجہ ہے کہ پوری قوم ملک میں غربت کی وجہ سے بڑھتی ہوئی خود کشیوں کا رجحان دیکھ رہی ہے۔ ۔مہنگائی نے متوسط طبقہ کا جینا حرام کر دیا ہے۔موجودہ حکومت عمران خان کی قیادت میں مزید چلنے کی قابل نہیں ۔ موجودہ حکومت کی ناکامی آٹھ ماہ میں ثابت ہو چکی ہے۔ موجودہ وزیر اعظم منتخب نہیں بلکہ سلیکٹیڈ وزیر اعظم ہے ۔انہوں مطالبہ کیا کہ اگر ملک کو بچانا ہے تو ملک میں دوبارہ شفاف انتخابات منعقد کئے جائے تاکہ عوام کے حقیقی مینڈیٹ سے منتخب لوگ حکومت میں آجائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات میں ایسے لوگوں کا جتوایا گیا جو اپنے یونین کونسل کی سیٹ بھی نہیں جیت سکتے۔آج نیب زدہ اور کرپٹ لوگ پی ٹی آئی کے چھتری تلے بیٹھے ہیں۔ آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے واضح اعلان کیا کہ عید کے بعد تمام پختون قوم پرست جماعتوں کو اکٹھا کرکے حکومت کے خلاف ایک بڑی تحریک چلائینگے۔انہوں نیب سے مطالبہ کیا کہ نیب پی ٹی آئی کے وزراء کے خلاف بی آر ٹی مالم جبہ اور بلین ٹری پراجیکٹس کے کرپشن پر تحقیقات کا آغا ز کریں۔ انہوں نے کہا کہ دوہری پالیسی اور یو ٹرن عوامی جذبات کے خلاف ہے ۔ اپو زیشن میں رہ کر کنٹینر پر ایک بار اور حکومت میں آکر دوسری بات کہنا کہاں کی جمہوریت ہے ۔ نئے پاکستان کے نام پر پہلے بھی لوگوں کو دھوکہ دیا گیا اور اب بھی دھوکہ دیا جا رہا ہے ۔ ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے ۔ سرکاری ملازمتوں کی بھرتیاں رشوت کی بنیاد پر ہو تی ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پختون ایک بیدار قوم ہے ۔ آنے والے بلدیاتی انتخابات اور جنرل الیکشن میں قومی وطن پارٹی کے نمائندوں کو کامیاب کرائی گی ۔

مزید :

صفحہ اول -